Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
346 - 881
صورت میں  کوئی برائی پہنچتی ہے تو وہ سخت گھبرانے والاہوجاتا ہے اور جب اسے دولت مندی ومال اور صحت و تندرستی کی صورت میں  کوئی بھلائی پہنچتی ہے تو وہ اسے اپنے پاس روک رکھنے والاہوجاتا ہے یعنی انسان کی حالت یہ ہے کہ جب اسے کوئی ناگوار حالت پیش آتی ہے تو وہ اس پر صبر نہیں  کرتا اور جب اسے مال ملتا ہے تو وہ اس کو خرچ نہیں  کرتا۔( مدارک، المعارج، تحت الآیۃ: ۱۹-۲۱، ص۱۲۸۰، خازن، المعارج، تحت الآیۃ: ۱۹-۲۱، ۴/۳۰۹، ملتقطاً)
غریبی اور بیماری کی حالت میں  شکوہ شکایت کرنے سے بچا جائے:
	اس سے معلوم ہوا کہ اگرکسی شخص کو زندگی میں  کبھی غربت ،تنگدستی اور ناداری کا سامنا ہو یا کسی بیماری اور مرض وغیرہ میں  مبتلا ہو جائے تو وہ اس پر بے صبری اور بے قراری کا مظاہرہ کرنے اور شکوہ شکایت کرنے سے بچے اور ان حالات میں  اللّٰہ تعالیٰ کی رضاپر راضی رہے ،البتہ اس کایہ مطلب نہیں  کہ انسان تنگدستی دور کرنے کے لئے محنت اور کوشش کرنا چھوڑ دے اور بیماری کا علاج کروانا ترک کر دے بلکہ اسے چاہئے کہ تنگدستی دور کرنے کے لئے محنت اور جدوجہد بھی کرتا رہے اور اپنے مرض کا علاج بھی کرواتا رہے اور اخلاص کے ساتھ اللّٰہ تعالیٰ کی بارگاہ میں  آسانی اور شفا ملنے کی دعا بھی کرتا رہے اور جب اللّٰہ تعالیٰ اسے فراخ دستی اور شفا عطا فرمادے تو اسے چاہئے کہ اللّٰہ  تعالیٰ کا شکر ادا کرے اور ہر دم اس کی اطاعت و فرمانبرداری میں  مصروف رہے اور اس کا دیا ہوا مال اسی کی راہ میں  کرچ کرتا رہے۔
اِلَّا الْمُصَلِّیْنَۙ(۲۲)الَّذِیْنَ هُمْ عَلٰى صَلَاتِهِمْ دَآىٕمُوْنَﭪ(۲۳)
ترجمۂکنزالایمان: مگر نمازی۔جو اپنی نماز کے پابند ہیں ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: مگر وہ نمازی۔جو اپنی نماز کی ہمیشہ پابندی کرنے والے ہیں ۔
{اِلَّا الْمُصَلِّیْنَ : مگر نمازی۔} یہاں  سے ان لوگوں  کے بارے میں  بیان کیا گیا ہے جن میں  اس سے پہلی آیات میں  بیان کی گئی حالت یعنی حرص اور بے صبری نہیں  پائی جاتی اور یہ وہ لوگ ہیں  جن میں  یہ آٹھ اوصاف پائے جاتے ہو ں :
(1)…فرض نمازیں  پابندی کے ساتھ ادا کرنا۔