Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
324 - 881
{فَاَمَّا مَنْ اُوْتِیَ كِتٰبَهٗ بِیَمِیْنِهٖ: تو بہرحال جسے اس کا نامہ اعمال اس کے دائیں  ہاتھ میں  دیا جائے گا۔} یہاں  سے پیشی کے وقت لوگوں  کے احوال کی تفصیل بیان کی جارہی ہے،چنانچہ اس آیت اور اس کے بعد والی آیت کاخلاصہ یہ ہے کہ جب اللّٰہ تعالیٰ کی بارگاہ میں  پیشی کے وقت اعمال نامے تقسیم ہوں  گے تو جسے اس کا نامۂ اعمال دائیں  ہاتھ میں  دیا جائے گا تو وہ یہ سمجھ لے گا کہ وہ نجات پانے والوں  میں  سے ہے اور وہ انتہائی فرحت و سُرور کے ساتھ اپنی جماعت ، اپنے اہلِ خانہ اور قرابت داروں  سے کہے گاکہ لو میرے نامۂ اعمال کو پڑھ لو،مجھے دنیا میں  یقین تھا کہ آخرت میں  مجھ سے حساب لیا جائے گا (اسی لئے میں  نے اس کی تیاری کرلی تھی اور حساب دینے سے پہلے اپنا محاسبہ خود کر لیا تھا)۔( صاوی، الحاقۃ، تحت الآیۃ: ۱۹-۲۰، ۶/۲۲۲۸، خازن، الحاقۃ، تحت الآیۃ: ۱۹-۲۰، ۴/۳۰۵، ملتقطاً)
فَهُوَ فِیْ عِیْشَةٍ رَّاضِیَةٍۙ(۲۱) فِیْ جَنَّةٍ عَالِیَةٍۙ(۲۲) قُطُوْفُهَا دَانِیَةٌ(۲۳) كُلُوْا وَ اشْرَبُوْا هَنِیْٓــٴًـۢا بِمَاۤ اَسْلَفْتُمْ فِی الْاَیَّامِ الْخَالِیَةِ(۲۴)
ترجمۂکنزالایمان: تو وہ من مانتے چین میں  ہے۔ بلند باغ میں ۔جس کے خوشے جھکے ہوئے۔کھاؤ اور پیو رچتا ہوا  صلہ اس کا جو تم نے گزرے دنوں  میں  آگے بھیجا۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: تو وہ پسندیدہ زندگی میں  ہوگا۔بلند باغ میں ۔اس کے پھل قریب ہوں  گے۔ (کہا جائے گا:) گزرے ہوئے دنوں  میں  جو تم نے آگے بھیجا اس کے بدلے میں  خوشگواری کے ساتھ کھاؤ اور پیو۔
{فَهُوَ فِیْ عِیْشَةٍ رَّاضِیَةٍ: تو وہ پسندیدہ زندگی میں  ہوگا۔} یہاں  سے ان لوگوں  کا ثواب بیان کیا گیا ہے جنہیں  اعمال نامے دائیں  ہاتھ میں  ملیں  گے،چنانچہ اس آیت اورا س کے بعد والی تین آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ جسے دائیں  ہاتھ میں  اعمال نامہ دیا جائے گا تو وہ عذاب سے محفوظ رہنے اور ثواب ملنے کی وجہ سے بلند باغ میں پسندیدہ زندگی میں  ہوگا ،اس کے پھل کھانے والے کے قریب ہوں  گے کہ کھڑے بیٹھے لیٹے ہر حال میں  جیسے چاہے بآسانی لے سکے گا اور ان سے کہا جائے گا کہ دنیا میں  تم نے جو نیک اعمال آخرت کیلئے کئے ان کے بدلے میں  خوشگواری کے ساتھ کھاؤ اور پیو۔( خازن، الحاقۃ، تحت الآیۃ: ۲۱-۲۴، ۴/۳۰۵)