ترجمۂکنزالایمان: اللّٰہ کی پاکی بولتا ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں اُسی کا مُلک ہے اور اسی کی تعریف اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں سب اللّٰہ کی پاکی بیان کرتے ہیں ، اسی کی بادشاہت ہے اور اسی کیلئے سب تعریف ہے اور وہ ہر چیز پر خوب قادر ہے۔
{یُسَبِّحُ لِلّٰهِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الْاَرْضِ: جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں سب اللّٰہ کی پاکی بیان کرتے ہیں ۔} اس آیت میں اللّٰہ تعالیٰ کی چار شانیں بیان ہوئی ہیں ،(1) جو کچھ آسمانوں اورزمین میں موجود ہے سب اللّٰہ تعالیٰ کی پاکی بیان کرتے ہیں ۔(2) اسی کی بادشاہت ہے اور وہ اپنی بادشاہت میں جیسے چاہے تَصَرُّف فرماتا ہے ،اِس میں اُس کا نہ کوئی شریک ہے نہ حصہ دار۔(3) تمام تعریفیں اسی کے لئے ہیں کیونکہ سب نعمتیں اسی کی ہیں ۔ (4) وہ ہر چیز پر قادر ہے اورکسی مانع اور رکاوٹ کے بغیر جو چاہتا ہے جیسا چاہتا ہے کرتا ہے۔( خازن، التغابن، تحت الآیۃ: ۱، ۴/۲۷۴، ملخصاً)
هُوَ الَّذِیْ خَلَقَكُمْ فَمِنْكُمْ كَافِرٌ وَّ مِنْكُمْ مُّؤْمِنٌؕ-وَ اللّٰهُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِیْرٌ(۲)
ترجمۂکنزالایمان: وہی ہے جس نے تمہیں پیدا کیا تو تم میں کوئی کافر اور تم میں کوئی مسلمان اور اللّٰہ تمہارے کام دیکھ رہا ہے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: وہی ہے جس نے تمہیں پیدا کیا تو تم میں سے کوئی کافر ہے اور تم میں سے کوئی مسلمان ہے اور اللّٰہ تمہارے کام خوب دیکھ رہا ہے۔
{هُوَ الَّذِیْ خَلَقَكُمْ: وہی ہے جس نے تمہیں پیدا کیا۔} اس آیت کی ایک تفسیر یہ ہے کہ اے لوگو! اللّٰہ تعالیٰ وہی ہے