Brailvi Books

صراط الجنان جلد اول
41 - 520
 کہ تفسیر نہ زیادہ طویل ہو اور نہ ہی بہت مختصربلکہ متوسط اور جامع ہو ،نیز اس میں ان علمی اور فنی ابحاث سے گریز کیا گیا ہے جنہیں جاننے میں عوام الناس کا کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں البتہ جہاں آیت کی تفہیم کے لئے جس علمی اور فنی بحث کی ضرورت تھی وہاں اسے حتّی الامکان آسان انداز میں ذکر کرنے کی کوشش ضرورکی گئی ہے ۔
(6)…اردو کی مشکل تَراکیب کی بجائے آسان الفاظ و تراکیب کاا ستعمال کیا گیا ہے تاکہ کم پڑھے لکھے حضرات بھی اس سے آسانی کے ساتھ استفادہ کر سکیں اور قرآنِ مجید کی تعلیمات اور احکام کوسمجھ کر ان پر عمل کر سکیں۔
(7)…قرآنِ مجید میں جہاں شرعی احکام و مسائل کا بیان ہوا وہاں تفسیر میں ضروری مسائل آسان انداز میں بیان کئے گئے ،جہاں اعمال کی اصلاح کا ذکر ہوا وہاں اصلاحِ اعمال کی ترغیب وترہیب ،جہاں معاشرتی برائیوں کا تذکرہ ہوا وہاں ان سے متعلق اور جہاں جہنم کے عذابات اور جنت کے انعامات کا ذکر ہوا وہاں عذابِ جہنم سے بچنے اور جنتی نعمتوں کے حصول کی ترغیب پر مشتمل مضامین لکھے گئے ہیں ، نیزباطنی امراض سے متعلق بھی قدرے تفصیل سے کلام کیا گیاہے۔
(8)…اسلامی حسنِ معاشرت سے متعلق امور جیسے والدین ،رشتہ داروں ، یتیموں اور پڑوسیوں وغیرہ کے ساتھ حسن سلوک اور صلہ رحمی کرنے سے متعلق بھی بہت سا اصلاحی مواد شامل کیا گیا ہے۔
(9)… مختلف مقامات پر عقائد ِاہلسنّت اور معمولات ِاہلسنّت کی دلائل کے ساتھ وضاحت کی گئی ہے اور موقع و مقام کی مناسبت سے معاشرے میں رائج برائیوں کی قرآن و حدیث کی روشنی میں مذمت بیان کی گئی ہے۔
(10)…حضور پر نور  صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ  کی سیرتِ مبارکہ خاص طور پر بیان کی گئی اور صحابۂ کرام رَضِیَاللہُ تَعَالٰی عَنْہُم اور اولیائِ عظام رَحْمَۃُاللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِمْکی سیرت و واقعات بھی ذکر کئے گئے ہیں۔
(11)…آیات سے حاصل ہونے والے نکات اور معلوم ہونے والی اہم اور ضروری باتوں کو ذکر کیا گیا ہے ۔
	دعا ہے کہ اللہ  تعالیٰ اس تفسیر کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت عطا فرمائے اور اسے تمام مسلمانوں کے لئے دینی اور دنیوی دونوں اعتبار سے نفع بخش بنائے اور اسے مصنف و معاونین کے لئے ذریعہ نجات بنائے۔اٰمین