Brailvi Books

صراط الجنان جلد اول
343 - 520
حیض کے چند احکام:
(1)…حیض کی کم سے کم مدت تین دن اور زیادہ سے زیادہ دس دن ہے۔
(2)…حیض کے دنوں میں عورت کیلئے تلاوتِ قرآن، نماز، روزہ، مسجد میں داخلہ، قرآن کو چھونا اور خانہ کعبہ کا طواف حرام ہوجاتاہے۔ 
(3)…ذکرودرود وغیرہ میں کوئی حرج نہیں البتہ اس کیلئے وضو کرلینا مستحب ہے۔
(4) …ایامِ حیض کے روزوں کی قضا عورت پر لازم ہے جبکہ نمازیں معاف ہیں۔مزید تفصیل کیلئے بہارِ شریعت حصہ 2کا مطالعہ فرمائیں۔ 
نِسَآؤُکُمْ حَرْثٌ لَّکُمْ۪ فَاۡتُوۡا حَرْثَکُمْ اَنّٰی شِئْتُمْ۫ وَقَدِّمُوۡا لِاَنۡفُسِکُمْؕ وَ اتَّقُوا اللہَ وَاعْلَمُوۡۤا اَنَّکُمۡ مُّلٰقُوۡہُؕ وَبَشِّرِ الْمُؤْمِنِیۡنَ﴿۲۲۳﴾
ترجمۂکنزالایمان: تمہاری عورتیں تمہارے لئے کھیتیاں ہیں ، تو آؤ اپنی کھیتی میں جس طرح چاہو اور اپنے بھلے کا کام پہلے کرو اور اللہ سے ڈرتے رہو اور جان رکھو کہ تمہیں اس سے ملنا ہے اور اے محبوب بشارت دو ایمان والوں کو۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: تمہاری عورتیں تمہارے لئے کھیتیاں ہیں تو اپنی کھیتیوں میں جس طرح چاہوآؤ اور اپنے فائدے کا کام پہلے کرو اور اللہ سے ڈرتے رہو اور جان رکھو کہ تم اس سے ملنے والے ہو اور اے حبیب ! ایمان والوں کوبشارت دو۔  
{نِسَآؤُکُمْ حَرْثٌ لَّکُمْ:تمہاری عورتیں تمہارے لئے کھیتیاں ہیں۔}عورتوں سے متعلق فرمایا کہ وہ تمہاری کھیتیاں ہیں یعنی عورتوں کی قربت سے نسل حاصل کرنے کا ارادہ کرو ،نہ کہ صرف اپنی خواہش پوری کرنے کا۔ نیز عورت سے ہر طرح ہم بستری جائز ہے لیٹ کر، بیٹھ کر ، کھڑے کھڑے ، بشرطیکہ صحبت اگلے مقام میں ہو کیونکہ یہی راستہ کھیتی یعنی اولاد کا ثمرہ حاصل کرنے کا ہے۔ 
{وَقَدِّمُوۡا لِاَنۡفُسِکُم:اور اپنے بھلے کا کام پہلے کرو۔} اس سے مراد ہے کہ اعمال صالحہ کرویا جماع سے قبل بسم اللہ پڑھو نیز بیویوں میں مشغول ہو کر عبادات سے غافل نہ ہو جاؤ۔