سوال 6 : مبلغین و ذِمَّہ دار اِسْلَامی بھائیوں کے لئے مدنی مذاکرہ دیکھنا و سننا کس قَدْر اَہَمِیَّت کا حامل ہے ؟
جواب : مبلغین و ذِمَّہ داران کیلئے مَدَنی مذاکرہ دیکھنا و سننا عام لوگوں کی نِسْبَت چند وُجُوہ سے زیادہ اَہَمِیَّت کا حامل ہے : ( ۱) یہ حضرات مَدَنی کاموں کی بدولت لوگوں سے رابطے میں رہتے ہیں اور بسا اَوقات کوئی شخص سوال کر لیتا ہے کہ فلاں مَدَنی مذاکرے میں اَمِیْـرِ اَھْلِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے فلاں بات کی تھی ، مجھے چونکہ سمجھ نہیں آئی یا یاد نہیں رہی ، لِہٰذا کرم فرمائیے اور مجھے سمجھا یا بتا دیجئے ، تو اس وَقْت مُبَلِّغ یا ذِمَّہ دار کا کہنا کہ میں نے وہ مَدَنی مُذاکَرَہ نہیں دیکھا شرمندگی کا باعِث ہو سکتا ہے ۔ ( ۲) اسی طرح بعض اَوقات مَدَنی مذاکرے میں کوئی بات سن کر لوگ غَلَط فہمی کا شِکار ہو جاتے ہیں اگر مبلغین و ذِمَّہ داران مَدَنی مُذاکَرَہ دیکھنے و سننے والے ہوں گے تو بآسانی عوامُ النَّاس کی غَلَط فہمیاں دور کر سکیں گے ۔ ( ۳) اسی طرح اگر کوئی شخص اَمِیْـرِ اَھْلِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے مُتَعَلِّق کوئی بات مَنْسُوب کرتا ہے کہ ایسا اَمِیْـرِ اَھْلِسُنّت نے فرمایا ہے تو اس کے دُرُسْت یا غَلَط ہونے کی بھی بر وَقْت نشاندہی مُمکِن ہو سکے گی۔
مدنی مُذاکَرَہ ہے شَریعَت کا خزینہ اَخلاق کا تہذیب کا طَرِیْقَت کا خزینہ
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب ! صَلَّی اللّٰہُتَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد