پہلے اسے پڑھ لیجئے !
عاشِقَانِ رسول کی مدنی تحریک دَعوتِ اسلامی کے بانی شَیْخِ طَریْقَت، اَمِیْرِ اہلسنت حضرت علَّامہ مولانا ابوبِلال محمد الیاس عطار قادِری رَضَوی ضیائی دَامَتْ بَـرَکَاتُہُمُ الْعَالِـیَہ کی کڑھن ہے کہ ہر مسلمان فَرْض عِلْم حاصِل کر لے ۔ 12 مدنی کام جہاں نیکی کی دعوت عام کرنے کا ذریعہ ہیں وہیں ان سے عِلْمِ دِین کی اِشاعَت بھی ہوتی ہے ۔ اِنہی میں سے ایک مدنی کام ہفتہ وار اجتماع ہے جس میں تلاوت ونَعْت، بَیَان، نمازِ باجماعَت، صلوٰۃ وسلام وغیرہ کا سلسلہ ہوتا ہے ۔ چونکہ گُنَاہوں کے مُتَعَلِّق مَعْلُومات حاصِل کرنا بھی ضروری ہے اس لئے مَجْلِسِ ہفتہ وار اجتماع نے یہ طے کیا کہ ہفتہ وار اجتماع کے حلقوں میں ہر بار کسی ایک گُنَاہ کے مُتَعَلِّق بنیادی مَعْلُومات مثلاً اس کی تَعْرِیف اور اس کے مُتَعَلِّق شَرْعِی اَحْکَام بیان کئے جائیں تا کہ اجتماع میں شریک ہزاروں اسلامی بھائی ان کو سیکھ سکیں نیز عاشِقانِ رسول کو کوئی ایک دُعا یاد کروانے کو بھی اِسی میں شامِل کر دیا گیا ہے ۔ چنانچہ ہر ہفتہ وار اجتماع میں نمازِ عِشاء کی باجماعت ادائیگی کے بعد قریباً 15 منٹ کے لئے مدنی حلقوں کی ترکیب ہو جن میں دَرْج ذیل جَدْوَل کے مُطَابِق سیکھنے سکھانے کا سلسلہ ہو:
مختلف مَوْضُوعَات پر مختصر بَیَان: 5منٹ دُعا یاد کرنا: 5 منٹ فِکْرِ مدینہ: 5منٹ
مدنی حلقوں کی اس ضرورت کے پیشِ نظر مَجْلِس اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیَّہ نے ” گناہوں کے عذابات ( حِصَّہ اوّل )“ کے عُنوان سے یہ مختصر رِسَالہ ترتیب دیا ہے ۔ اِنْ شَآءَ اللہ! یہ نہ صرف مُبَلِّغِیْن کے لئے بلکہ عوام کے لئے بھی بہت مُفِیْد ثابِت ہو گا لہٰذا خود بھی اس کا مُطَالعہ کیجئے اور دوسروں کو بھی ترغیب دِلائیے ۔
اس میں جو بھی خوبیاں ہیں یقیناً اللہ پاک کی توفیق، اس کے محبوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے کرم اور اَمِیْرِ اہلسنت دَامَتْ بَـرَکَاتُہُمُ الْعَالِـیَہ کی شفقت اور پُرخُلُوص دُعاؤں کا نتیجہ ہے اور خامیوں میں ہماری غیر اِرادی کوتاہی کا دَخْل ہے ۔
مَجْلِسِ اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیَّہ
( ۲۲ شعبان المعظم ۱۴۳۹ھ / 29 اپریل 2018ء )