Brailvi Books

فیضانِ ریاض الصالحین
144 - 627
مقبول حج کا ثواب 
	خوب ہمدردی اور پیار و محبت سے ماں باپ کا دیدار کیجئے اور دنیا وآخررت کی بے شمار بھلائیوں کے حق دار بن جائیے، ماں باپ کی طرف بنظرِ رحمت دیکھنے کے بھی کیا کہنے!
	 سر کارِ مدینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ رحمت نشان ہے: جب اولاد اپنے ماں باپ کی طرف رحمت کی نظر کرے! تو اللہ عَزَّوَجَلَّ اس کے لئے ہر نظر کے بدلے حجِ مَبْرُوْر(یعنی مقبول حج) کا ثواب لکھتا ہے ، صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوان نے عرض کی: اگر چہ دن میں سو مرتبہ نظر کرے! فرمایا: نَعَمْ ! اللہُ اَکْبَرُ وَاَطْیَبُیعنی، ہاں ! اللہ عَزَّوَجَلَّ سب سے بڑا ہے اوراَطْیَب( یعنی سب سے زیادہ پاک ) ہے۔  (شعب الایمان ، باب فی بر الوالدین، ۶ /۱۸۶، حدیث:۷۸۵۶)
زخمی انگلی
	حضرتِ سَیِّدُنا بَایَزِید بِسْطَامِی قُدِّسَ سِرُّہ النُّوْرَانی فرماتے ہیں : سردیوں کی ایک سخت رات میں میری والدہ نے مجھ سے پانی مانگا، میں آبخورہ (پانی کا برتن) بھرکرآیاتو انہیں نیند آگئی تھی، میں نے جگانا مناسب نہ سمجھا، پانی کا آبخورہ لئے اس انتظار میں ماں کے قریب کھڑا رہا کہ بیدار ہوں تو پانی پیش کروں ، کھڑے کھڑے کافی دیر ہوچکی تھی اور آبخورے سے کچھ پانی گر کر میری انگلی پر جم کر برف بن گیا تھا ۔ بہر حال جب والدۂ محترمہ بیدار ہوئیں تو میں نے آبخورہ پیش کیا، برف کی وجہ سے چپکی ہوئی انگلی جوں ہی آبخورے سے جدا ہوئی اس کی کھال ادھڑ گئی اور خون بہنے لگا ماں نے دیکھ کر پوچھایہ کیا؟ میں نے سارا ماجرا عرض کیا تو انہوں نے ہاتھ اٹھا کر دعا کی : اے اللہ عَزَّوَجَلَّ! میں اس سے راضی ہوں تو بھی اس سے راضی رہنا ۔ (نزہۃ المجالس، ۱/۲۶۱)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب	صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
	اللہعَزَّوَجَلَّ ہماری ،ہمارے والدین کی اور تمام امتِ مُسْلِمَہ کی مغفرت فرمائے ۔ہمیں والدین کی فرمانبرداری کرتے ہوئے ان کی خوب خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے!