{13}سنّتوں پر عمل کاجذبہ مل گیا
ابوظہبی (عرب امارات) کے اسلامی بھائی نے اپنی زندگی میں پیش آنے والی مدنی بہار تحریراً دی اس کا خلاصہ ہے کہ میں مدنی ماحول میں آنے سے پہلے گناہوں بھری زندگی بسر کر رہا تھا نیکیوں سے دور، گناہوں کے نشے میں ہر وقت مخمور رہتا۔ مَعَاذَاللہ نماز تو کبھی پڑھی ہی نہیں تھی۔ میری زندگی میں نیکیوں کی بہار کچھ یوں آئی کہ ایک مبلغِ دعوتِ اسلامی کی دعوت پر میں نے ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔ اجتماع میں تلاوت و نعت کے بعد سنّتوں بھرا بیان ہوا۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی کا عشقِ مصطفی سے سرشار محبتِ رسول پر مبنی بیان سن کر میرے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔ بیان کے اختتام پر جب سنّتیں بیان کیں تو میرے دل میں سرکارِمدینہ صلّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلّمکی پیاری پیاری سنّتوں پر عمل کا جذبہ پیدا ہوا اور میری زندگی میں مدنی انقلاب برپا ہو گیا۔ میں نے اپنے گناہوں سے توبہ کی اور آقا صلّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلّمکی محبت کی نشانی داڑھی شریف سے اپنے چہرے کو منوّر کرنے کی پکی نیّت کر کے سر پر سبز عمامے کا تاج سجا لیا۔ ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع کی برکت سے نمازیں پڑھنا شروع کر دیں ۔ تادمِ تحریر اَلْحَمْدُلِلّٰہعَزَّوَجَلَّ میں نیکی کی دعوت کے ذمہ دار کی حیثیت سے مدنی کاموں کی دھومیں مچانے میں مصروف ہوں۔
صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیب! صلَّی اللہُ تعالٰی عَلٰی محمَّد