حضور صدر الافاضل نے ۱۳۲۸ھ میں ارادہ فرمایا کہ ایک ایسا مدرسہ قائم کرنا چاہیے جس میں معقول و منقول کی معیاری تعلیم ہو چنانچہ آپ نے سب سے پہلے ایک انجمن بنائی جس کے ناظم آپ اورصدر حکیم حافظ نواب حامی الدین احمد صاحب مراد آبادی ہوئے ۔اس انجمن کے تحت ایک مدرسہ قائم فرمایا جس کومدرسہ اہل سنت کہا جاتا تھا جب نواب صاحب اور ان کے رفقاء و ہمنواؤں کا انتقال ہوگیا تو انجمن خود بخود ختم ہوگئی اب مدرسہ آپ کی طرف منسوب کیاجانے لگا اور وہ مدرسہ نعیمیہ کے نام سے مشہور ہواپھر جب اس کے فارغ التحصیل طلباء وعلماء نے اطراف واکناف اور ملک میں پھیل کر اپنے اپنے مقامات پر مدرسے قائم کیے اور ان کا الحاق مراد آباد کے مرکزی مدرسہ نعیمیہ سے کیا اورملک کے دیگر مدارس اہل سنت میں سے بیشتر اسی مدرسہ سے ملحق ومنسلک ہوگئے تو لازمی طور پر اب اس مدرسہ کی حیثیت رائج الوقت زبان میں یونیورسٹی اور قدیم زبان میں ''جامعہ ''کی ہوگئی۔ چنانچہ ۱۳۵۲ھ میں اس مدرسہ کا نام ''جامعہ نعیمیہ '' رکھا گیا اور آج تک اسی نام سے قائم ومشہور ہے ۔