| سنتیں اور آداب |
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!
پانی بیٹھ کر ، اجالے میں دیکھ کر ، سیدھے ہاتھ سے بسم اللہ پڑھ کر اس طرح پئیں کہ ہر مرتبہ گلاس کو منہ سے ہٹا کر سانس لیں ، پہلی اور دوسری بار ایک ایک گھونٹ پئیں اور تیسری سانس میں جتنا چاہیں پئیں ۔ حضرت سیدناابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَر صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ والہٖ وسلم نے فرمایا:''اونٹ کی طرح ایک ہی گھونٹ میں نہ پی جایا کرو بلکہ دو یا تین بار پیا کرو اورجب پینے لگو تو بسم اللہ پڑھا کرو اورجب پی چکو تو الحمد للہ کہا کرو۔''(سنن ترمذی،کتاب الاشربۃ،باب ماجاء فی التنفس فی الاناء،الحدیث۱۸۹۲،ج۳،ص۳۵۲)
حضرت سیدناانس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ سرکارِ مدینہ ،فیض گنجینہ ، راحتِ قلب وسینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم پینے میں تین بار سانس لیتے تھے اور فرماتے تھے :''اس طرح پینے میں زیادہ سیرابی ہوتی ہے اور صحت کے لئے مفید وخوش گوار ہے۔
(صحیح مسلم،کتاب الاشربۃ ،باب کراھۃ التنفس فی الاناء ...الخ،الحدیث ۲۰۲۸،ج۳،ص۱۱۲۰)
حضرت سیدناابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے پیارے محبوب ،دانائے غیوب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم نے برتن میں سانس لینے اور پھونکنے سے منع فرمایاہے ۔
(سنن ابو داؤد ،کتاب الاشربۃ ،الحدیث ۳۷۲۸،ج۳،ص۴۷۵)