Brailvi Books

صراط الجنان جلد چہارم
467 - 576
اسمٰعیل عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام موجود تھے، اس بشارت کے ضمن میں ایک بشارت یہ بھی تھی کہ حضرت سارہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْھا کی عمر اتنی دراز ہوگی کہ وہ پوتے کو بھی دیکھیں گی۔ (1)
{ قَالَتْ یٰوَیۡلَتٰۤی:کہا: ہائے تعجب!} حضرت سارہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْھانے جب عادت کے برخلاف معاملہ ہونے کا سنا تو تعجب کرتے ہوئے کہا: کیا میرے ہاں بیٹا پیدا ہو گا حالانکہ میں تو بوڑھی ہوں اور میری عمر 90 سال سے زیادہ ہو چکی ہے اور یہ میرے شوہر بھی بہت زیادہ عمر کے ہیں ، ان کی عمر 120 سال ہو چکی ہے، اور زیادہ عمر والوں کے ہاں بیٹا پیدا ہونا بڑی عجیب بات ہے۔ (2)
قَالُوۡۤا اَتَعْجَبِیۡنَ مِنْ اَمْرِ اللہِ رَحْمَتُ اللہِ وَبَرَکٰتُہٗ عَلَیۡکُمْ اَہۡلَ الْبَیۡتِ ؕ اِنَّہٗ حَمِیۡدٌ مَّجِیۡدٌ ﴿۷۳﴾ 
ترجمۂکنزالایمان: فرشتے بولے کیا اللہ کے کام کا اچنبھا کرتی ہو اللہ کی رحمت اور اس کی برکتیں تم پر اے اس گھر والو بیشک وہی ہے سب خوبیوں والا عزت والا۔

ترجمۂکنزُالعِرفان: فرشتوں نے کہا: کیا تم اللہ کے کام پر تعجب کرتی ہو؟ اے گھر والو! تم پر اللہ کی رحمت اور اس کی برکتیں ہوں۔ بیشک وہی سب خوبیوں والا، عزت والا ہے۔ 
{ قَالُوۡۤا:فرشتوں نے کہا۔} فرشتوں کے کلام کے معنی یہ ہیں کہ اے سارہ! رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْھا، آپ کے لئے یہ تعجب کا مقام نہیں کیونکہ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْھاکا تعلق ا س گھرانے سے ہے جو معجزات، عادتوں سے ہٹ کر کاموں کے سرانجام ہونے، اللہ تعالیٰ کی رحمتوں اور برکتوں کے نازل ہونے کی جگہ بنا ہوا ہے۔ (3)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 
1…صاوی، ہود، تحت الآیۃ: ۷۱، ۳/۹۲۳، مدارک، ہود تحت الآیۃ: ۷۱، ص۵۰۵، خازن، ہود، تحت الآیۃ: ۷۱، ۲/۳۶۲، ملتقطاً۔
2…جلالین مع صاوی، ہود، تحت الآیۃ: ۷۲،۳/۹۲۳-۹۲۴۔
3…مدارک، ہود تحت الآیۃ: ۷۳، ص۵۰۶۔