Brailvi Books

صراط الجنان جلد چہارم
248 - 576
’’ وَکُلًّا وَّعَدَ اللہُ الْحُسْنٰی‘‘ (1)
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور اللہ نے سب سے بھلائی کا وعدہ فرمایا ہے۔
	اکثر مفسرین کے نزدیک آیت کا یہ معنی بہتر ہے کیونکہ اس صورت میں جنت کا وعدہ تمام مومنین کے لئے ہو گا۔  (2) 
{ اَلتَّآئِبُوۡنَ:توبہ کرنے والے۔} اس آیت کی ایک تفسیر یہ ہے کہ جن ایمان والوں کا اس سے پہلی آیت میں ذکر ہوا وہی کفر سے حقیقی توبہ کرنے والے ،اسلام کی نعمت ملنے پر اللہ تعالیٰ کی حمد کرنے والے، روزہ رکھنے والے، پانچوں نمازیں پابندی سے ادا کرنے والے، ایمان معرفت اور اطاعت کا حکم دینے والے، شرک اور گناہوں سے روکنے والے اور اللہ تعالیٰ کی حدوں یعنی اس کے اَمر و نہی کی حفاظت کرنے والے ہیں ، اے حبیب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ، ان صفات سے متصف ایمان والوں کو  (جنت کی ) خوشخبری سنادو۔ (3)
	 دوسری تفسیر یہ ہے کہتمام گناہوں سے توبہ کرنے والے۔ اللہ عَزَّوَجَلَّکے فرمانبردار بندے جو اخلاص کے ساتھ اس کی عبادت کرتے ہیں اور عبادت کو اپنے اوپر لازم جانتے ہیں۔جو ہر حال میں اللہ تعالیٰ کی حمد کرتے ہیں۔ نمازوں کے پابند اور ان کو خوبی سے ادا کرنے والے ہیں۔ نیکی کا حکم دینے والے اور برائی سے روکنے والے اور اس کے احکام بجا لانے والے یہ لوگ جنتی ہیں۔ اور اے حبیب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ، مسلمانوں کو خوشخبری سنا دو کہ وہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کا عہد و فا کریں گے تو اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں داخل فرمائے گا۔ (4)
{ وَ الْحٰفِظُوۡنَ لِحُدُوۡدِ اللہِ:اور اللہ کی حدوں کی حفاظت کرنے والے ۔}اللہ تعالیٰ نے بندوں کو جن اَحکام کا پابند کیا ہے وہ بہت زیادہ ہیں ، یہ تمام احکام دو قسموں میں منحصر ہیں (1) عبادات ،جیسے نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج وغیرہ۔ (2) معاملات، جیسے خریدو فروخت ،نکاح اور طلاق وغیرہ۔ ان دونوں قسموں میں سے جن چیزوں کے کرنے کا حکم دیا گیا ہے انہیں بجا لانا اور جن سے منع کیا گیا ہے ان سے رک جانا اللہ عَزَّوَجَلَّ کی حدوں کی حفاظت ہے۔ (5)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 
1…النساء:۹۵۔
2…تفسیرکبیر، التوبۃ، تحت الآیۃ: ۱۱۲، ۶/۱۵۲-۱۵۳، ملخصاً۔
3…مدارک، التوبۃ، تحت الآیۃ: ۱۱۲، ص۴۵۶-۴۵۷۔
4…خازن، التوبۃ، تحت الآیۃ: ۱۱۲، ۲/۲۸۵۔
5…تفسیرکبیر، التوبۃ، تحت الآیۃ: ۱۱۲، ۶/۱۵۵، قرطبی، براء ۃ، تحت الآیۃ: ۱۱۲، ۴/۱۵۵، الجزء الثامن، ملتقطاً۔