Brailvi Books

صراط الجنان جلد سوم
65 - 558
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیۡمِ 
ترجمۂکنزالایمان:	    اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان رحم والا۔
ترجمۂکنزالعرفان:     اللہ کے نام سے شروع جو نہایت مہربان، رحمت والاہے ۔
اَلْحَمْدُ لِلہِ الَّذِیۡ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرْضَ وَ جَعَلَ الظُّلُمٰتِ وَالنُّوۡرَ ۬ؕ ثُمَّ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا بِرَبِّہِمۡ یَعْدِلُوۡنَ ﴿۱﴾ 
ترجمۂکنزالایمان: سب خوبیاں اللہ کو جس نے آسمان اور زمین بنائے اور اندھیریاں اور روشنی پیدا کی اس پر کافر لوگ اپنے رب کے برابر ٹھہراتے ہیں۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: تمام تعریفیں اللہ کے لئے ہیں جس نے آسمان اور زمین پیدا کئے اور اندھیروں اور نور کو پیدا کیا پھر (بھی) کافر لوگ اپنے رب کے برابر ٹھہراتے ہیں۔
{ اَلْحَمْدُ لِلہِ:تمام تعریفیں اللہ کیلئے ہیں۔} اس آیت میں بندوں کو اللہ تعالیٰ کی حمد کی تعلیم فرمائی گئی کہ وہ جب حمد کرنے لگیں تو ’’ اَلْحَمْدُ لِلہِ ‘‘ کہیں ،ا ور آسمان وزمین کی پیدائش کا ذکر اس لئے ہے کہ اِن میں دیکھنے والوں کے لئے اللہ عَزَّوَجَلَّکی حکمت وقدرت کے بہت سے عجائبات ، عبرتیں اور منافع ہیں۔ حضرت کعب احبار رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا کہ تو ریت میں سب سے پہلی یہی آیت ہے۔ (1)
{ وَ جَعَلَ الظُّلُمٰتِ وَالنُّوۡرَ:اور اندھیروں اور نور کو پیدا کیا۔}یعنی ہر اندھیرا اللہ عَزَّوَجَلَّ ہی نے پیدا فرمایا ہے خواہ وہ اندھیرا رات کا ہو، کفر کا ہو، جہالت کا ہو یا جہنم کا ہو ۔ یونہی ہر ایک روشنی اسی نے پیدا فرمائی خواہ وہ روشنی دن کی ہو ، ایمان و ہدایت کی ہو، علم کی ہو یا جنت کی ہو۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 
1…خازن، الانعام، تحت الآیۃ: ۱، ۲/۲۔