Brailvi Books

سیرتِ مصطفٰی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم
797 - 872
شفاء امراض

آشوب چشم سے شفاء
  ہم غزوہ خیبر کے بیان میں مفصل طور پر یہ معجزہ تحریر کرچکے ہیں کہ جب آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے فتح کا جھنڈا عطا فرمانے کے لئے حضرت علی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کو طلب فرمایا تو معلوم ہوا کہ ان کی آنکھوں میں آشوب ہے اور مسند احمد بن حنبل کی روایت سے پتا چلتا ہے کہ یہ آشوب چشم اتنا سخت تھا کہ حضرت سلمہ بن اکوع رضی اﷲ تعالیٰ عنہ ان کا ہاتھ پکڑ کر لائے تھے ۔آپ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ان کی آنکھوں میں اپنا لعاب دہن لگا دیا اور دعا فرما دی تو وہ فوراً ہی شفاء یاب ہو گئے اور ایسا معلوم ہوتا تھا کہ ان کی آنکھوں میں کبھی درد تھا ہی نہیں اور وہ اسی وقت جھنڈا لے کر روانہ ہو گئے اور جوش جہاد میں بھرے ہوئے انتہائی جانبازی کے ساتھ جنگ کی اور خیبر کا قلعہ ان کے دستِ حق پرست سے اسی دن فتح ہو گیا۔(1)(بخاری جلد۱ ص۵۲۵ مناقب علی بن ابی طالب)
سانپ کا زہر اُتر گیا
    واقعہ ہجرت میں ہم تفصیل کے ساتھ لکھ چکے ہیں کہ جب غارِ ثور میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کے پاؤں میں سانپ نے کاٹ لیا اور درد و کرب کی شدت سے بے تاب ہو کر رو پڑے تو آپ صلی  اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے ان کے زخم پر اپنا لعاب دہن لگا دیا جس سے فوراً ہی درد جاتا رہا اور سانپ کا زہر اتر گیا۔(2) (زرقانی علی المواہب جلد۱ ص۳۳۹)
1۔۔۔۔۔۔صحیح البخاری ،کتاب فضائل اصحاب النبی ، باب مناقب علی بن ابی طالب...الخ ، الحدیث: ۳۷۰۱،ج۲،ص ۵۳۴

والمسند للامام احمد بن حنبل،مسند المدنیین،حدیث ابن الاکوع،الحدیث:۱۶۵۳۸، ج۵، ص۵۵۶۔۵۵۷

2۔۔۔۔۔۔المواہب اللدنیۃ مع شرح الزرقانی ، باب ھجرۃ المصطفی ...الخ ،ج۲، ص ۱۲۱
Flag Counter