یہ حیی بن اخطب وہی بدنصیب ہے کہ جب وہ مدینہ سے جلا وطن ہو کر خیبر جا رہا تھا تو اس نے یہ معاہدہ کیا تھا کہ نبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی مخالفت پر میں کسی کو مدد نہ دوں گااور اس عہد پر اس نے خدا کو ضامن بنایا تھا لیکن جنگ خندق کے موقع پر اس نے اس معاہدہ کو کس طرح توڑ ڈالا یہ آپ گزشتہ اوراق میں پڑھ چکے کہ اس ظالم نے تمام کفار عرب کے پاس دورہ کرکے سب کو مدینہ پر حملہ کرنے کے لئے ابھاراپھر بنو قریظہ کو بھی معاہدہ توڑنے پر اکسایاپھر خود جنگ خندق میں کفار کے ساتھ مل کر لڑائی میں شامل ہوا۔
۵ ھ کے متفرق واقعات
(۱)اس سال حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے حضرت بی بی زینب بنت جحش رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے نکاح فرمایا۔(1)
(۲)اسی سال مسلمان عورتوں پر پردہ فرض کردیا گیا۔
(۳)اسی سال حد قذف( کسی پر زنا کی تہمت لگانے کی سزا)اور لعان و ظہار کے احکام نازل ہوئے۔
(۴)اسی سال تیمم کی آیت نازل ہوئی۔(2)
(۵)اسی سال نماز خوف کا حکم نازل ہوا۔