پَردے میں پَردہ کرنے کے لیے ایک بڑی چادر اوپر اوڑھ لیں ۔ اگر اوپر اَوڑھی ہوئی چادر سوتے میں اُتر جاتی ہو یا جو اُلَٹ پَلَٹ ہوتے رہتے ہوں ان کی خِدمت میں مَدَنی مشورہ ہے کہ پاجامہ کے اوپر تہبند پہن لیں یا کوئی چادر لپیٹ لیں اور اُوپر سے بھی ایک چادر اَوڑھ لیا کریں اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ پَردے میں پَردہ ہو جائیگا ۔
بعض لوگوں کی گھر میں بنیان پہن کر بے تکلف چلنے پھرنے اور سونے کی عادت ہوتی ہے شَلوار کے اوپر اِس طرح کی چھوٹی بنیان ہونے کی صورت میں چلنے پھرنے اور بالخصوص سونے میں اکثر سخت گندا مَنظر ہوتا ہے ایسے حیا سوز موقع پر موجود باحیا لوگ آزمائِش میں پڑ جاتے ہیں لہٰذا بنیان پر کُرتا بھی پہنے رہیں یا پھر بنیان کے دونوں پہلوؤں میں حَسب ِضَرورت قمیص کی طرح چاک بنا کر آگے اور پیچھے مُناسِب مِقدار میں کپڑے کا ایک ایک ٹکڑا سِلائی کروا لیں اِس طرح بنیان قمیص کی طرح ہو جائے گی اور اب بنیان پہن کر چلنے پھرنے میں اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ ”پَردے میں پَردہ“رہے گا لیکن سوتے وقت پاجامے کے اوپر تہبند پہن لیں یا کوئی چادر ضَرور لپیٹ لیں ۔
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! گھر ہو یا باہَر ہر وقت اُٹھتے بیٹھتے اور سوتے جاگتے مَدَنی اِنعام پر عمل کرتے ہوئے پَردے میں پَردہ کرنے کا ذہن بنانا چاہیے ، یہاں تک کہ تنہائی میں بھی خوب پَردے کا خیال رکھیے کہ سرورِ کائنات صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے اِرشاد فرمایا : اللہ عَزَّوَجَلَّ کا زیادہ حق ہے کہ اُس سے حیا کی جائے ۔ (1)
ہمیشہ کروں کاش پَردے میں پَردہ
تو پیکر حیا کا بنا یاالٰہی (وسائلِ بخشش)
٭…٭…٭…٭
________________________________
1 - ابو داود ، کتاب الحمام ، باب ما جاء فی التعریف ، ۴ / ۵۸ ، حدیث : ۴۰۱۷