Brailvi Books

مدنی مذاکرہ قسط31: جنت میں مَردوں کو حوریں ملیں گی تو عورتوں کو کیا ملے گا ؟
3 - 30
جنَّت میں عورتوں کو کیا ملے گا؟
سُوال: جنَّت میں مَردوں کو حوریں ملیں گی تو عورتوں کو کیا ملے گا؟
جواب:عورتوں کو جنَّت میں ان کے وہ  شوہر ملیں گے جن کے نکاح میں وہ تھیں بشرطیکہ شوہر بھی جنَّتی ہوں ۔  اگر کسی عورت کا شوہر جنَّت میں نہ جا سکا تو وہ کسی اور جنَّتی مَرد کے نکاح میں دے دی جائے  گی ۔  اِسی طرح ”جو عورتیں کنواری فوت ہوئیں وہ بھی جنَّت میں کسی مَرد کی زَوجیت میں چلی جائیں گی ۔  اس کے عِلاوہ جنَّت کی نعمتیں مثلاً محلّات ،  لباس ،  غِذائیں اور خُوشبویات وغیرہ  مَرد و عورت میں مُشترک ہیں ،  اَلبتہ دِیدارِ اِلٰہی میں اِختلاف ہے اور صحیح یہ ہے کہ دونوں کو ہو گا ۔ “) )  
اگر کوئی عورت یکے بعد دِیگرے ایک سے زیادہ مَردوں کے نِکاح میں آئی تو اس میں دو قول ہیں :ایک قول کے مُطابِق جس کے نِکاح میں سب سے آخر میں تھی جنَّت میں اُسی کے ساتھ ہو گی جیسا کہ حضرتِ سیِّدُنا ابو دَرداء رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ سے رِوایت ہے کہ رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عظیم ہے : عورت جنَّت میں اپنے اس شوہر کے نکاح میں دی جائے گی جو دُنیا میں اس کا سب سے آخری شوہر تھا ۔ (1  ) 



________________________________
1 -    فتاویٰ اہلسنَّت  ، سلسلہ نمبر ٧ ، ص۲۴مکتبۃ المدینہ باب المدینہ کراچی  
2 -    مسندالشامیین ، ۲ / ۳۵۹ ،  حدیث : ۱۴۹۶ مؤسسة الرسالة بیروت