بہت دیر ہوجائے گی، پچاس ہزار برس کا تو وہ دن ہوگا اور اسی حالت میں آدھا گزر جائے گالوگ سفارشی تلاش کریں گے جواس مصیبت سے چھٹکارا دلائے اور جلد فیصلہ ( 1) ہو۔ سب لوگ مشورہ کرکے حضرت آدم عَلَیْہِ السَّلَام کے پاس جائیں گے، وہ فرمائیں گے حضرت نوح عَلَیْہِ السَّلَام کے پاس جاؤ وہ حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَامکے پاس بھیجیں گے، حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَامحضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کے پاس جانے کو کہیں گے ، حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام حضرت عیسی عَلَیْہِ السَّلَامکے پاس بھیجیں گے، حضرت عیسی عَلَیْہِ السَّلَام ہمارے آقا و مولیٰ رحمت عالم سردار انبیاء محمد مصطفی عَلَیْہِ التَّحِیَّۃُ وَالثَّنَاء کے پاس بھیجیں گے، جب لوگ ہمارے حضور (صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم) سے فریاد کریں گے اور شفاعت کی د رخواست لائیں گے تو حضور فرمائیں گے کہ میں اس کے لیے تیار ہوں یہ فرما کر بارگاہِ الٰہی میں سجدہ کریں گے، اللّٰہ تعالیٰ فرمائے گا: اے محمدعَلَیْہِ السَّلَام سراُٹھاؤ کہو سنا جائے گا مانگو پاؤ گے شفاعت کرو قبول کی جائے گی، اب حساب شروع ہوگا،میزانِ عمل ( 2) میں اَعمال تولے جائیں گے اپنے ہی ہاتھ پاؤں بدن کے اَعضاء اپنے خلاف گواہی د یں گے، زمین کے جس حصہ پر کوئی عمل کیا تھا وہ بھی گواہی دینے کو تیار ہوگا نہ کوئی یار ہوگا نہ مددگار، نہ باپ بیٹے کے کام آئے گا نہ بیٹا باپ کے، اَعمال پوچھے جارہے ہیں زندگی بھر کا سب کیا ہوا سامنے ہے نہ گناہ سے انکار کرسکتا ہے نہ کہیں سے نیکیاں مل سکتی ہیں، اس بے کسی کے وقت میں دستگیر ( 3) بے کساں حضور پر نور محبوب خدا محمد مصطفیٰصَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَ سَلَّم کام آئیں گے اور اپنے ماننے والوں کی شفاعت فرمائیں گے۔
________________________________
1 - جلد فیصلہ ہو:یعنی حساب ہوجائے اور جنت یا دوزخ جو ملنی ہو مل جائے۔۱۲ (منہ)
2 - میزانِ عمل:نیکی بدی تولنے کی ترازو۔ (۱۲منہ)
3 - دستگیر:مددگار۔ (۱۲منہ)