مسئلہ۱۹: اِن دنوں میں نمازیں معاف ہیں ، ان کی قضا بھی نہیں البتہ روزوں کی قضا اور دنوں میں رکھنا فرض ہے۔
مسئلہ۲۰: نماز کے وقت میں وضو کرکے اتنی دیر تک ذکر ِالٰہی، درود شریف اور دوسرے وظیفے پڑھ لیا کرے جتنی دیر نماز پڑھا کرتی تھی تاکہ عادت رہے۔
مسئلہ۱۲: حیض و نفاس والی کو قرآن مجید پڑھنا دیکھ کر ہو یا زبانی اور اس کا چھونا اگر چہ جلد یا چولی یا حاشیہ کو انگلی کی نوک یا بدن کا کوئی حصہ لگے یہ سب حرام ہیں ۔ (عالمگیری وغیرہ)
مسئلہ۲۲: کاغذ کے پرچہ پر کوئی آیت لکھی ہو اس کا چھونا بھی حرام ہے۔
مسئلہ۲۳: قرآن مجید جزدان میں ہو تو اس جزدان کے چھونے میں حرج نہیں ۔ (عالمگیری)
مسئلہ۲۴: اِس حالت میں قرآن مجید اور دینی کتابوں کے چھونے کے سب اَحکام وہی ہیں جو بے غسل والے کے ہیں جس کا بیان غسل میں گزرا۔
مسئلہ۲۵: معلمہ کو حیض و نفاس ہو تو ایک ایک کلمہ سانس توڑ توڑ کر پڑھا وے اور ہجے کرانے میں کوئی حرج نہیں ۔
مسئلہ۲۶: اس حالت میں دُعائے قنوت پڑھنا مکروہ ہے۔ ( 1)
________________________________
1 - یہ امام محمد رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کا مَذہب ہے مگر ظاہر الروایہ میں ہے کہ اس حالت میں دعائے قنوت پڑھنا مکروہ نہیں ہے۔ ’’ التجنیس‘‘ لصاحب الھدایۃ، ۱/۱۸۶پر ہے کہ اسی پر فتوی ہے ۔ (ا لفتاوی الھندیۃ، کتاب الطہارۃ، الباب السادس،الفصل الرابع،۱/۳۸، ردالمحتار،کتاب الطہارۃ،ارکان الوضو، مطلب: یطلق الدعاء علی ما یشمل الثنائ،۱/۳۵۱)