Brailvi Books

قانونِ شرِیعت
105 - 263
مسئلہ۳۰:  بھیگی مٹی سے تیمم جائز ہے جب کہ مٹی غالب ہو۔ 
مسئلہ۳۱:  اگر کسی لکڑی یا کپڑے وغیرہ پر اتنی گرد ہے کہ ہاتھ مارنے سے انگلیوں کا نشان بن جائے تو اس سے تیمم جائز ہے۔
مسئلہ۳۲:  گچ کی دیوار ( 1) پر تیمم جائز ہے۔ (بہار شریعت)  وغیرہ
 مسئلہ۳۳:  پکی اینٹ سے تیمم جائز ہے۔ ( بہار وغیرہ)  
مسئلہ۳۴:  زمین یا پتھر جل کر سیاہ ہوجائے اس سے تیمم جائز ہے، یوں ہی اگر پتھر جل کر راکھ ہوجائے اس سے بھی جائز ہے۔ 
تیمم توڑنے والی چیزیں 
	جن چیزوں سے وضو ٹوٹتا ہے، یا غسل واجب ہوتا ہے ان سے تیمم بھی جاتا رہے گا اور علاوہ اِن کے پانی پر قدرت ہونے سے بھی تیمم ٹوٹ جائے گا۔ 
مسئلہ۳۵:  کسی ایسے مقام پر گزرا کہ پانی ایک میل کے اندر تھا تیمم ٹوٹ گیا پانی تک پہنچنا ضروری نہیں ، البتہ سونے کی حالت میں پانی پر گزرنے سے نہ ٹوٹے گا۔ 
مسئلہ۳۶:  مریض نے غسل کا تیمم کیا تھا اور اب اِتنا تندرست ہوگیا کہ نہانا نقصان نہ کرے گا تو تیمم جاتا رہا۔ 
مسئلہ۳۷:  اِتنا پانی ملا کہ اعضائِ وضو صرف ایک ایک بار دھو سکتا ہے تو تیمم جاتا رہا اور اس سے کم تو نہیں ، یوں ہی غسل کے تیمم کرنے والے کو اتنا پانی ملا کہ غسل کے فرائض کو بھی کافی نہیں تو تیمم نہ گیا، ورنہ تیمم جاتا رہا۔  



________________________________
1 -      چونے یا سیمنٹ کے مسالے سے پلستر کی ہوئی دیوار۔