شَیخِ طریقت، امیرِ اَہلسنّت ،بانیِ دعوتِ اسلامی ،حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّار قادِری رَضَوی ضیائی دَامَتْ بَرَکاتُہُم العالیہ شریعتِ مُطَہَرَّہ اور طریقتِ منوّرہ کی وہ یادگار سَلَف شخصیت ہیں جو کہ کثیرُالکرامات بُزُرگ ہونے کے ساتھ ساتھ عِلماً وعَمَلاً، قو لاً و فِعلاً ، ظاہِراً وباطِناً اَحکامات الہٰیہ کی بجاآوری اور سُنَنِ نَبَوِیَّہ کی پَیرَوی کرنے اور کروانے کی بھی روشن نظیر ہیں۔ آپ اپنے بیانات ، تالیفات، ملفوظات اور مکتوبات کے ذریعے اپنے متعلقین و دیگر مسلمانوں کو اصلاحِ اعمال کی تلقین فرماتے رہتے ہیں۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ آپ کے یکْ رنگ قابلِ تقلید مثالی کردار ، اور تابع شَرِیْعت بے لاگ گُفتار نے ساری دنیا میں لاکھوں مسلمانوں بالخُصوص نوجوانوں کی زندگیوں میں مَدَنی انقلاب برپا کردیا ہے۔
چونکہ صالحین کے واقعات میں دلوں کی جِلا، روحوں کی تازگی اور فکرو نظر کی پاکیزگی پِنْہاں ہے۔ لہٰذا امّت کی اصلاح و خیر خواہی کے مقدس جذبے کے تَحت شعبہ اصلاحی کتب(الْمدینۃُ الْعِلْمِیّۃ)نے امیرِ اَہلسنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُم العالیہ کی حیاتِ مبارَکہ کے روشن اَبواب ، مثلاًآپ کی عبادات، مجاہَدات، اخلاقیات و دینی خدمات کے واقعات کے ساتھ ساتھ آپ کی ذاتِ مبارَکہ سے ظاہر ہونے والی بَرَکات و کرامات اور آپ کی تصنیفات و مکتوبات ، بیانات و ملفوظات کے فُیوضات کو بھی شائع کرنے کا قَصْد کیا ہے۔
اس سلسلے میں رسالہ امیرِ اَہلسنّت اورقومِ جنّات ( حصّہ دُوُم)بنام'' قبرِستان کی چڑیل '' پیشِ خدمت ہے۔