Brailvi Books

مدنی مذاکرہ قسط43: تنگ وقت میں نماز کا طریقہ
1 - 37
پہلے اِسے پڑھ لیجیے !
اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ عاشقانِ رسول کی مَدَنی تحریک دعوتِ اسلامی کے بانی، شیخِ طریقت، اَمیرِاہلسنَّت حضرت علّامہ مولانا ابو بلال  محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی ضیائی دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنے مخصوص اَنداز میں سُنَّتوں بھرے  بیانات ، عِلم و حِکمت سے معمور مَدَ نی مذاکرات اور اپنے تربیت یافتہ مبلغین کے ذَریعے تھوڑے ہی عرصے میں لاکھوں مسلمانوں کے دِلوں میں مَدَنی اِنقلاب بَرپا کر دیا ہے ، آپ دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہکی صحبت سے فائدہ اُٹھاتے  ہوئے کثیر اسلامی بھائی وقتاً فوقتاً مختلف مقامات پر ہونے والے مَدَنی مذاکرات میں مختلف قسم کے موضوعات  مثلاً عقائد و اَعمال، فَضائل و مَناقِب، شَریعت و طریقت، تاریخ و سیرت، سائنس و طِبّ، اَخلاقیات و اِسلامی معلومات، روزمرہ مُعاملات اور دِیگر بہت سے موضوعات سے متعلق سُوالات کرتے ہیں اور شیخِ طریقت، اَمیر اہلسنَّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ انہیں حِکمت آموز  اور  عشقِ رسول میں ڈوبے ہوئے جوابات سے نوازتے ہیں ۔          
اَمیرِاہلسنَّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے ان عطا کردہ دِلچسپ اور عِلم و حِکمت سے لبریز  مَدَنی پھولوں کی خوشبوؤں سے دُنیا بھرکے مسلمانوں کو مہکانے کے مُقَدَّس جذبے کے تحت  المدینۃ العلمیۃ کا شعبہ’’فیضانِ مَدَنی مذاکرہ‘‘ ان مَدَنی مذاکرات کو کافی  ترامیم و اِضافوں  کے ساتھ ’’فیضانِ مَدَنی مذاکرہ‘‘کے نام سے پیش کرنے کی سعادت حاصِل کر رہا ہے ۔   ان تحریری گلدستوں کا مُطالعہ کرنے سے اِنْ شَآءَ اللہ  عَزَّوَجَلَّ عقائد و اَعمال اور ظاہِر و  باطن کی اِصلاح، محبت ِالٰہی و عشقِ رسول  کی لازوال دولت کے ساتھ ساتھ مزید حُصُولِ عِلمِ دِین کا جَذبہ بھی بیدار ہو گا ۔     
اِس رسالے میں جو بھی خوبیاں ہیں یقیناً ربِّ رحیم عَزَّ وَجَلَّ اور اس کے محبوبِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کی عطاؤں، اَولیائے کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہ ُ السَّلَام کی عنایتوں اور اَمیر اہلسنَّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی شفقتوں اور پُرخُلوص دُعاؤں کا نتیجہ ہیں اور خامیاں ہوں تو  اس میں ہماری غیر اِرادی کوتاہی کا دَخل ہے ۔   
     مجلس المدینۃ العلمیۃ                                                        
 (شعبہ فیضانِ مَدَنی مذاکرہ)        
۶محرم الحرام ۱۴۴۰؁ ھ  / 17ستمبر 2018ء