Brailvi Books

عُیونُ الحِکایات (حصہ دوم)
241 - 412
 بالآخر رات کافی دیر بعد تھک ہا ر کر دونوں بچے سوگئے ۔ ہم نے انہیں ایک چٹائی پر لٹادیا پھر تیسرے کو بہلانے لگے بالآخر وہ بھی سوگیا۔ ''

    حاتم طائی نے کہا:'' آج نہ جانے مجھے نیند کیوں نہیں آرہی ؟''پھر وہ ادھر ادھر ٹہلنے لگا۔ رات کی سیاہی کو آسمان پر چمکنے والے ستارے دور کر رہے تھے، جنگلی جانوروں کے چیخنے کی آواز یں فضا میں بلند ہورہی تھیں ۔ ہر چلنے والا مسافر ٹھہر چکا تھا ، رات کا پُر ہول منظر بڑھتا ہی جارہا تھا ۔ اچانک ہمارے گھر کے باہر کسی کی آہٹ سنائی دی، حاتم طائی نے بلند آواز سے کہا:'' کون ہے؟'' لیکن کسی نے کوئی جواب نہ دیا۔ میں نے کہا :'' ہمارے ساتھ یاتوکسی نے مذاق کیا ہے یاکوئی دھوکہ ہونے والا ہے۔'' میں باہر گئی اور حالات کا جائزہ لے کر واپس آئی تو حاتم طائی نے پوچھا:'' کون ہے ؟ ''میں نے کہا :'' آپ کی فلاں پڑوسن ہے، اس کَڑے وقت میں آپ کے علاوہ کوئی اور اسے نظر نہ آیا جس کے پاس جاکر پناہ لیتی ۔ اپنے بھوکے بچوں کو آپ کے پاس لائی ہے۔ وہ بھوک سے اس طرح بلبلا رہے ہیں جیسے کسی جانور کے بچے چیختے ہیں۔'' یہ سن کر حاتم طائی نے کہا :'' اسے جلدی سے میرے پاس لاؤ۔'' میں نے کہا:'' ہمارے اپنے بچے بھوک سے مرے جارہے ہیں، انہیں دینے کے لئے ہمارے پاس کچھ نہیں تو پھر بیچاری پڑوسن اور اس کے بچو ں کی ہم کیا مدد کریں گے؟'' حاتم طائی نے کہا:'' خاموش رہو، اللہ تعالیٰ ضرور تمہارا اور ان سب کا پیٹ بھرے گا ۔ جاؤ! جلدی سے اس دُکھیاری ماں کو اندر بلا لاؤ ۔'' میں اسے بلا لائی۔ اس غریب نے دو بچے اپنی گود میں اٹھائے ہوئے تھے اور چار بچے اس سے لپٹے اس کے پیچھے اس طر ح آرہے تھے جیسے مرغی کے بچے مرغی کے گرد جمع ہو کر چلتے ہیں۔

    حاتم طائی نے انہیں کمرے میں بٹھایا اور گھوڑے کی طرف بڑھا ، بر چھی سے گھوڑا ذبح کرکے آگ جلائی گئی۔ جب شعلے بلند ہونے لگے توچُھری لے کر گھوڑے کی کھال اتا ری پھر اس عورت کی طرف چُھری بڑھاتے ہوئے کہا : ''کھا ؤ! اور اپنے بچوں کو بھی کھلاؤ پھر مجھ سے کہا :'' تم بھی کھا ؤ اور بچو ں کو بھی جگادو تاکہ وہ بھی اپنی بھوک مٹا سکیں۔''ہماری پڑوسن تھوڑا تھوڑا گو شت کھارہی تھی اس کی جھجک کو محسوس کرتے ہوئے حاتم طائی نے کہا :'' کتنی بری بات ہے کہ تم ہماری مہمان ہوکر تھوڑا تھوڑا کھا رہی ہو۔'' یہ کہہ کر وہ ہمارے قریب ہی ٹہلنے لگا ۔ ہم سب کھانے میں مصروف تھے اورحاتم طائی ہماری جانب دیکھ رہا تھا۔ ہم نے خوب سیر ہو کر کھایا لیکن بخدا! حاتم طائی نے ایک بوٹی بھی نہ کھائی حالانکہ وہ ہم سب سے زیادہ بھوکا تھا۔ صبح زمین پرہڈیوں اور کُھرُوں کے سوا کچھ نہ بچا تھا۔