Brailvi Books

عُیونُ الحِکایات (حصہ دوم)
132 - 412
تعالیٰ علیہ مجھ پر بھر پور توجہ فرماتے ۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ !آپ کی برکت سے مجھے علم و عمل کی بے انتہاء دولت نصیب ہوئی ، اللہ عَزَّوَجَلَّ نے مجھے رِفعت وبلندی عطا فرمائی۔ میرے محسن ومُرَبِّی استاذِ محترم دنیا سے پردہ فرما چکے تھے ۔ پھر وہ وقت بھی آیا جب خلیفہ ہارون الرشید نے عہدۂ قضاء میرے سپرد کردیا۔

     خلیفہ ہارون الرشیدعلیہ رحمۃ اللہ المجید اکثر میری دعوت کرتے اور اپنے ساتھ کھانا کھلاتے۔ ایک مرتبہ خلیفہ نے پُر تکلُّف دعوت کا اہتمام کیا ،انواع واقسام کے کھانے چُنے گئے ۔ خلیفہ نے با داموں اور دیسی گھی کا حلوہ اور عمدہ فالودہ میری طرف بڑھاتے ہوئے کہا :'' اے امام ابویو سف رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ !یہ حلوہ کھائیے ، روز روز ایسا حلوہ تیارکروانا ہمارے لئے آسان نہیں ۔'' یہ سن کر میں ہنسنے لگا۔ پوچھا:'' آپ ہنس کیوں رہے ہیں ؟'' میں نے کہا :'' اللہ عَزَّوَجَلَّ خلیفہ کو سلامت رکھے ، میرے استاذِ محترم حضرتِ سیِّدُنا امام اَعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے برسوں پہلے میری والدہ سے فرمایا تھا کہ تمہارا یہ بیٹا باداموں اور دیسی گھی کا حلوہ اور فالودہ کھائے گا'' آج میرے استاذِ محترم کا فرمان پورا ہوگیا۔ پھر میں نے اپنے بچپن کا سارا واقعہ خلیفہ کو سنایا تو وہ بہت متعجب ہوئے اور فرمایا: ''بے شک علم ضرور فائدہ دیتا اور دین ودنیا میں بلندی دِلواتا ہے ، اللہ عَزَّوَجَلَّ حضرتِ سیِّدُنا امامِ اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ پر اپنی کروڑوں رحمتیں نازل فرمائے، جس چیز کو ان کے سر کی آنکھ نہ دیکھ سکتی اسے اپنی عقل کی آنکھ سے دیکھ لیا کرتے تھے۔''

(اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم)

    ( میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! اس حکایت میں ہمارے لئے بے شمار مدنی پھول ہیں۔ علمِ دین، دنیا و آخرت میں رفعت وسُرخروئی کا باعث ہے۔ بڑے بڑے دنیا داروں کو وہ مقام و مرتبہ نہیں ملتا جو دین کے شیدائیوں کو بآسانی حاصل ہوجاتا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ اولیاء کرام نگاہِ فراست سے آنے والے واقعات کو دیکھ لیتے ہیں۔ استاذ ِکامل کی تو جۂ خاص انسان کو کیا سے کیا بنادیتی ہے ۔ ہمیں چاہے کہ علمِ دین خود بھی سیکھیں اور اپنی اولاد کو بھی سکھائیں۔

    اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ !تبلیغِ قرآن و سنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ انتظام علم وعمل کی دولت لوگو ں کو منتقل کرنے کے لئے کئی جامعات و مدارس بنام جامعۃالمدینہ اور مدرسۃ المدینہ قائم ہیں۔ یہاں نہ صرف علم کی لازوال دولت تقسیم ہوتی ہے بلکہ عمل کا جذبہ بھی دیا جاتا ہے۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ ! ہزارہا طلباء وطالبات علمِ دین کی دولت سے منور ہو رہے ہیں اور سینکڑوں طلباء زیورِ علم وعمل سے آراستہ ہو کر اپنی اور ساری دنیا کے لوگو ں کی اصلاح کی کو شش کے لئے مصروفِ عمل ہیں۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ دعوتِ اسلامی کو دن دُگنی رات چُگنی ترقی عطا فرمائے ۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم)

؎ دعوتِ اسلامی کی قیُّوم دونوں جہاں میں مچ جائے دھوم  اس پہ فدا ہو بچہ بچہ یا اللہ! میری جھولی بھر دے۔(آمین)