Brailvi Books

عُیونُ الحِکایات (حصہ اول)
69 - 410
    جب خلیفہ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کوکچھ افاقہ ہو ا تو فرمایا:''اللہ عزوجل آپ پررحم فرمائے ،مجھے کچھ اور نصیحت فرمائیے ۔''

    آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا :اے امیر المؤمنین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ !مجھے خبر پہنچی ہے کہ حضرت سیدنا عمربن عبدالعزیزعلیہ رحمۃاللہ العزیز کے ایک گورنرنے شکایت کی تو آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے اسے خط بھیجا جس میں لکھا تھا:

    '' میں تجھے جہنمیوں کی اس شدید بے چینی وبے آرامی سے ڈراتا ہوں جو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ہوگی۔ خبر دار!ایسے کاموں سے کوسوں دور بھاگنا جوتجھے اللہ عزوجل کی یادسے دور کردیں۔ یاد رکھ !آخری لمحات میں امید یں ختم ہوجائیں گی۔ ''

    جب اس گو رنر نے یہ خط پڑھا تو فوراً حضرت سیدنا عمربن عبدالعزیز علیہ رحمۃاللہ العزیز کی طرف چل دیا۔جب وہ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے پاس پہنچا توآپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے اس سے پوچھا:'' تجھے کس چیزنے یہاں آنے پرمجبورکیا ؟''اس نے عرض کی:'' حضور! آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے خط نے میرا دل پارہ پارہ کر دیا ہے ،اب میں کبھی بھی گورنر کا عہدہ قبول نہیں کروں گا یہاں تک کہ مجھے موت آجائے۔'' یہ سن کر خلیفہ ہارون الرشید علیہ رحمۃاللہ المجیدپھرزورزورسے رونے لگے ،اورفرمایا: اے فضیل بن عیاض رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ !اللہ عزوجل آپ پر رحم فرمائے،مزیدکچھ نصیحت فرمائیے۔''

    آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا:''اے امیرالمؤمنین رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ!جب ہمارے پیارے آقا، دو عالم کے داتا صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کے پیارے چچاحضرت سیدناعباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی بارگاہ میں عرض کی:''یا رسول اللہ عزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم! آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم مجھے کسی شہر کا حاکم بنا دیں تو حضور صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے فرمایا: ''بے شک امارت (یعنی حکومت) حسرت وندامت ہے ، اگرتجھ سے ہوسکے تو کبھی بھی (کسی پر)امیرنہ بننا ۔''
 (سنن النسائی،کتاب آداب القضاۃ، باب النھی عن مسألۃ الامارۃ، الحدیث:۵۳۸۷،ص۲۴۳۱)

(حلیۃ الاولیاء، الفضیل بن عیاض، الحدیث:۱۱۵۳۶، ج۸، ص۱۰۹)
    خلیفہ ہارون الرشید علیہ رحمۃاللہ المجیدیہ سن کر پھررونے لگے، اور عرض کی: ''اللہ عزوجل آپ پر رحم فرمائے، مزید کچھ ارشاد فرمائیں ۔''

    آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا:'' اے حسین وجمیل چہرے والے! یاد رکھ! کل بروز ِقیامت اللہ عزوجل تجھ سے مخلوق کے بارے میں سوال کریگا ۔اگر تو چاہتا ہے کہ تیرا یہ خو بصورت چہرہ جہنم کی آگ سے بچ جائے تو کبھی بھی صبح یاشام اس حال میں نہ کرناکہ تیرے دل میں کسی مسلمان کے متعلق کینہ یا عداوت ہو۔ بے شک رسول اللہ عزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:''جس نے اس حال میں صبح کی کہ وہ کینہ پرورہے تو وہ جنت کی خوشبو نہ سونگھ سکے گا۔''
(حلیۃ الاولیاء، الفضیل بن عیاض، الحدیث۱۱۵۳۶،ج۸،ص۱۱۰)
    خلیفہ ہارون الرشیدعلیہ رحمۃاللہ المجید رونے لگے ،اور عرض کی :''حضور! آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ پرکسی کا کوئی قرض وغیرہ ہے ؟ ''
Flag Counter