بے شک آنے والی ہولناکیاں اور امور کی سختیاں جو کہ تمہارے سامنے ہیں ان سے آج تک کوئی بھی خلاصی نہیں پاسکا۔ خدا عزوجل کی قسم ! اس مشکل راستے پر ضرو رچلنا ہے اور تمام امور ضرور پیش آنے والے ہیں۔ پھر یا تو اس کے شر سے عافیت اور اسکی ہولناکی سے نجات مل جائے گی ۔یا پھر ایسی ہلاکت وبربادی ہوگی کہ جس کے بعد خیر اور بھلائی نہیں ہے ۔ اے ابن آدم ! موت کی تیاری میں جلدی کر اور '' کل ، کل '' کی رٹ نہ لگا ۔ جو کرنا ہے آج ہی کر لے۔ اس لئے کہ تو یہ نہیں جانتا کہ کب تجھے اللہ عزوجل کی طر ف لوٹ کر جانا ہے ۔
اے ابن آدم! تو ہرگز نیکی کے کسی کام کو بھی حقیر نہ جان ،کیونکہ جب تو اسے دار جزاء میں دیکھے گا تو اس نیکی کا وہاں موجود ہونا تجھے خوش کردے گا۔اور برائی کے کسی کام کو ہرگز حقیر نہ جان! کیونکہ جب تو اسے دیکھے گا تو اس کاوہاں موجود ہونا تجھے غمناک کردے گا ۔ اے ابن آدم ! زمین کو اپنے قدموں تلے روندھ ڈال کیونکہ یہ تیری قبر کے قریب ہے۔
اے ابن آدم ! جس وقت سے تیری ماں نے تجھے جنا اس وقت سے اب تک لگا تا ر تیری عمر کم ہوتی جار ہی ہے۔
اے ابن آدم ! تیرے لئے ایک نامہ اعمال کھول دیا گیا ہے اور تیرے اوپر دو فرشتے مقرر کردیئے گئے ہیں ۔ایک تیری دائیں جانب جبکہ دوسرا بائیں جانب ہے۔ اب کم اعمال کر! یا زیادہ، جب تو مرے گا تو اس نامہ اعمال کو لپیٹ کراسے تیرے گلے میں پہنا دیا جائے گا ۔