Brailvi Books

عُیونُ الحِکایات (حصہ اول)
259 - 410
     چنانچہ ہم دونوں وہاں سے اُٹھے اور محل کے خزانے سے بہت ساری دولت جمع کی۔ جتنا ہم سے ہوسکا ہم نے وہاں سے خزانہ اٹھایایہا ں تک کہ ہمارے پاس مزید کوئی ایسی چیز نہ بچی جس میں ہم مال ودولت رکھتے۔ پھر ہم ساحلِ سمند ر پر آئے اور کسی جہاز کا انتظار کرنے لگے ۔ کچھ ہی دیر بعد ہمیں دورسے ایک جہازدکھائی دیا ہم نے کپڑا لہرا کر اسے اپنی طر ف بلایا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عزوجل ! جہاز ہماری طر ف آیا اور اتفاق کی بات تھی کہ وہ جہاز بصرہ ہی کی جانب جارہا تھا۔ چنانچہ ہم دو نوں اس میں سوار ہوگئے بصرہ پہنچ کر اس عورت نے کہا:'' تم فلاں جگہ جاؤ اور ان سے میرے متعلق پوچھو کہ وہ کہا ں ہے ؟'' میں مطلوبہ جگہ پہنچا اور لوگوں سے اس عورت کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں کہا :'' وہ بیچاری تو تقریباً تین سال سے لاپتہ ہے، ہم اس کی وجہ سے بہت پریشان ہیں ۔''

     میں نے کہا :''تم میرے ساتھ آؤ،میں اس سے تمہاری ملاقات کراتا ہوں۔'' وہ لوگ حیرانی اورخوشی کے عالم میں میرے ساتھ ہو لئے ۔جب انہوں نے اس عورت کو دیکھا تو بڑی عقیدت سے اس کے سامنے مؤدبانہ اَنداز میں کھڑے ہوگئے۔آج وہ لوگ بہت زیادہ خوش وخرم تھے کیونکہ اِنہیں ان کی گمشدہ مَلکہ مل چکی تھی۔ پھر اس عورت نے اپنے خادموں اور دوسرے عزیز واَقارب سے کہا: ''اس شخص نے مجھ پر بہت بڑا احسان کیا ہے لہٰذا میں اسی سے شادی کر وں گی ۔''پس ان دونوں کی شادی کردی گئی اور وہ ہنسی خوشی زندگی گزارنے لگے ۔

(اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالی عليہ وسلم)

    (میٹھے اسلامی بھائیو!مذکورہ بالا آیات بہت بابرکت ہیں۔ اگر کوئی شخص بہت زیادہ پریشان ہو تو وہ ان آیات مبارکہ کا وِرد کرے اور پھر ان کی برکتیں دیکھے۔ ان شا ء اللہ عزوجل ان آیات کی برکت سے ہر پریشانی دور ہو گی اور سکون واِطمینان نصیب ہو گا۔اے ہمارے پاک پر وردگار عزوجل! ہمیں یقین کامل کی دولت سے مالامال فرما اور ہر پریشانی ومصیبت میں شکوہ وشکایت کرنے کی بجائے صبر و شکر کی توفیق عطا فرما۔اے اللہ عزوجل !ہم تیرے عاجز بندے ہیں، ہر دشمن سے ہماری حفاظت فرما،دین ودنیا میں عافیت وکرم والا معاملہ فرما، شریعت کے دائرے میں رہ کر ہمیں اپنے تمام معاملات حل کرنے کی توفیق عطا فرما اورہر وقت اپنی حفظ وامان رکھ ۔ آمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم)