Brailvi Books

عُیونُ الحِکایات (حصہ اول)
185 - 410
نہ ہو جیسی ہمیں ہوئی تھی ،ہمیں جو سعادتیں ملیں وہ سب علم دین کی برکت اور ہمارے یقین کامل کا نیتجہ تھیں۔ ہمیں اپنے رب کریم پر مکمل بھروسہ ہے وہ اپنے بندوں کو بے یار ومدد گار نہیں چھوڑتا، وہ ہم سب کا والی ومالک ہے۔''

    (اللہ عزوجل تمام طالب علموں کوخود داری اور یقین کامل کی دولت نصیب فرمائے اور ان کی خدمت کرنے والوں کو دارین کی سعادتیں عطا فرمائے۔آمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم)
حکایت نمبر85:        حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کے پند ونصائح
    حضرت سیدنا عمر بن سیلم رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں :ایک مرتبہ حضرت سیدنا عیسیٰ علیٰ نبینا وعلیہ الصلوٰۃ والسلام اپنے حواریوں کے پاس اس حالت میں تشریف لے گئے کہ آپ علیہ السلام کے جسم انور پر اُون کا جبہ تھا اور ایک عام سی شلوار پہنی ہوئی تھی، ننگے پاؤں تھے اور سر پر بھی کوئی کپڑا وغیرہ نہیں تھا، آنکھوں سے آنسو رواں تھے، بھوک کی وجہ سے آپ علیہ السلام کا رنگ متغیر ہوگیا تھا اور پیاس کی شدت سے ہونٹ بالکل خشک ہوچکے تھے۔

    آپ علیہ السلام نے اپنے حواریوں کو سلام کیا، اور فرمایا: ''اے بنی اسرائیل! اگر میں چاہوں تو اللہ عزوجل کے حکم سے دنیا تمام تر نعمتوں کے ساتھ میرے قدموں میں آجائے لیکن میں اس بات کو پسند نہیں کرتا۔اے بنی اسرائیل!تم دنیا کو ہمیشہ حقیر جانو، اسے کوئی وقعت نہ دو یہ خود تمہارے لئے نرم ہوجائے گی،تم دنیا کی مذمت کرو تمہارے لئے آخرت مزین ہوجائے گی، ایسا ہرگز نہ کرنا کہ تم آخرت کو پسِ پشت ڈال دو اور دنیا کی تعظیم وتوقیر کر و،بے شک دنیا کوئی قابل احترام شے نہیں کہ اس کی تعظیم کی جائے۔ دنیا تو تمہیں ہر روز کسی نہ کسی نئی آفت یا نقصان کی طرف بلاتی ہے لہٰذا اس کے دھوکے سے بچو۔''

    پھر فرمایا:'' اے لوگو! کیا تم جانتے ہو کہ میرا گھر کہا ں ہے؟ ''لوگوں نے کہا :''اے اللہ عزوجل کے نبی علیہ السلام! آپ کا گھر کہاں ہے؟'' آپ علیہ لسلام نے فرمایا:''مساجد میری قیام گاہ ہیں، میری خوشبو اور عطریات پانی ہے، میرا بھوکا رہنا ہی میری شکم سیری ہے، میرے پاؤں میری سواری ہیں،رات کوچمکتا ہوا چاند میرا چراغ ہے، سخت سردیوں کی راتوں میں نماز پڑھنا میرا محبوب ترین عمل ہے، میرا کھانا خشک پتے وغیرہ ہیں، زمین کی گھاس اور نباتا ت میرے لئے پھلوں کی مانند ہیں، انہی سے جانوروں کو خوراک ملتی ہے، وہی سبزی اور نباتا ت میں کھالیتا ہوں، میرا لباس اُون ہے ، اللہ عزوجل سے ڈرنا میرا شعار ہے ، اور مساکین وفقراء میرے محبوب ترین رفقاء ہیں۔
Flag Counter