| مفتی دعوتِ اسلامی |
مفتئ دعوتِ اسلامی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اپنے شیخ ِ طریقت ، امیر اہل سنت ، بانیئ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ کے عطاکردہ '' مدنی انعامات ''پر بھی پابندی سے عمل کیا کرتے تھے ۔ان کے گھر والوں کا بیان ہے کہ جب کبھی رات کو کسی کام سے ان کے کمرے میں جانا ہواتو اکثر دیکھا جاتا کہ ان کے پاس مدنی انعام کا رسالہ ہوتا اور یہ اس پر نشان لگارہے ہوتے ۔
باب المدینہ(کراچی)کی مجلسِ مدنی انعامات کے ذمّہ دار کا بیان ہے کہ مفتی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا معمول تھا کہ ہر ماہ پابندی سے سب سے پہلے مدنی انعامات کا رسالہ جمع کرواتے۔
(اللہ عزوجل کی اِن پر رحمت ہو..ا ور.. اِن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلي اللہ عليہ وسلم)
ہر دم مدنی کام کے لئے تیار:
گلشن ِ اقبال باب المدینہ( کراچی )کے ایک ذمہ دار اسلامی بھائی کا بیان ہے کہ میں نے مفتی محمد فاروق عطاری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کو ہر وقت مَدَنی کام کے لیے تیار پایا۔کوئی بیان کے لیے کہتا تو فرماتے : میں حاضر ہوں،کوئی جمعہ پڑھانے کے لیے کہتاتو جواب دیتے :میں حاضر ہوں،کبھی یہ نہیں کہا کہ مجھے پڑھنا ہوتاہے،مطالعہ کرنا ہے، امتحانات ہو رہے ہیں ،لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کا پڑھائی کامعیار بھی بہت شاندار تھا۔
(اللہ عزوجل کی اِن پر رحمت ہو..ا ور.. اِن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلي اللہ عليہ وسلم)