| مفتی دعوتِ اسلامی |
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ؕ
دُرُود شریف کی فضیلت
شیخِ طریقت، امیرِ اہل ِسنت،عاشق ِ اعلیٰ حضرت، بانیئ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتہُمُ الْعَالِیَہ اپنے رسالے ''ضیائے دُرُودوسلام''میں فرمانِ مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نقل فرماتے ہیں :
''اللہ عَزَّوَجَلَّ کی خاطر آپس میں مَحبت رکھنے والے جب باہم ملیں اورمُصَافَحَہ کریں اورنبی صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر دُرُودِ پاک بھیجیں تو ان کے جدا ہونے سے پہلے دونوں کے اگلے پچھلے گناہ بَخْش دئیے جاتے ہیں۔''
(مسند ابی یعلی ، رقم الحدیث ۲۹۰۱،ج۳ ،ص۹۵)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
ولاد ت اور اِبتِدا ئی تعلیم :
مفتئ دعوتِ اسلامی الحافظ القاری محمد فاروق العطاری المدنی علیہ رحمۃ اللہ الغنی کی وِلادت 26 اگست 1976ء ماہِ رمضان المبارک میں لاڑکانہ (جس کا نام امیرِ اہل سنت بانئ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی مدظلہ العالی نے آپ کی وفات کے بعد'' فاروق نگر''رکھ دیا ہے)میں ہوئی۔ اسکول سے واپَسی پر والدہ کو قرآنِ پاک سنایا کرتے تھے۔ ابتدائی تعلیم وحفظ دار العلوم احسن البرکات( حیدرآبادسندھ)سے کیا۔فاروق نگر(لاڑکانہ) سے حیدر آباد اور پھر1989ء ــ میں بابُ المدینہ(کراچی) منتقل ہو گئے۔