Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم
408 - 4047
حدیث نمبر 408
روایت ہے حضرت عبداللہ ابن عمرو سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ میرا حوض ایک مہینہ کی مسافت کا ہے ۱؎  اور اس کے گوشے برابر ہیں۲؎  اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید ہے۳؎  اس کی خوشبو مشک سے زیادہ اچھی ہے۴؎  اس کے کوزے آسمان کے تاروں کی طرح ہیں۵؎ جو اس سے پئے گا وہ کبھی پیاسا نہ ہوگا ۶؎ (مسلم،بخاری)
شرح
۱؎  یعنی حوض کوثر جو میرا حوض ہے اس کی لمبائی چوڑائی کا یہ حال ہے کہ اگر اس کے ایک گوشہ سے دوسرے گوشہ کی طرف چلا جاوے تو چلنے والا ایک مہینہ میں وہاں پہنچے۔

۲؎  یعنی حوض کوثر مربع ہے لمبائی چوڑائی برابر اور اس کا ہر گوشہ زاویہ قائمہ ہے حادہ یا منفرجہ نہیں بلکہ گہرائی بھی ہر جگہ یکساں ہے یہ نہیں کہ کنارہ پر کم گہرا بیچ میں زیادہ گہرا۔

۳؎  نحوی قاعدہ سے اشد بیاضا چاہیے کیونکہ رنگت اور عیب سے فعل تعجب اور تفضیل  بروزن افعل نہیں آتا مگر اس فرمان سے معلوم ہوا کہ یہ بھی جائز ہے،حضور تو نحویوں صرفیوں عربیوں کے امام اعظم ہیں نحو ان کی پابند ہے۔

۴؎  یعنی اس حوض میں دودھ بلکہ دودھ سے بھی اعلٰی چیز جس کی خوشبو مشک خالص سے بھی اچھی،اللہ تعالٰی ہم سب کو نصیب کرے۔

۵؎  تعداد اور چمک دمک میں تاروں کی طرح ہیں۔

۶؎  کوثر کا پانی اولًا تو پیاس بجھانے کے لیے ہم لوگ پئیں گے قبروں سے پیاسے اٹھیں گے،پھر جنت میں پہنچ کر وہ ہی کوثر پیا کریں گے مگر پیاس بجھانے کے لیے نہیں صرف لذت کے لیے،رب فرماتاہے:"وَاَنَّکَ لَا تَظْمَؤُا فِیۡہَا وَلَاتَضْحٰی"مگر بغیر پیاس بھی اس کے پینے میں لذت آئے گی جیسے بغیر بھوک وہاں کے پھل کھانے میں مزہ آوے گا،دنیا میں بغیر بھوک پیاس غذا و شربت میں مزہ نہیں آتا۔
Flag Counter