| مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم |
روایت ہے حضرت ثوبان سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ میں اپنی امت پر گمراہ گر پیشواؤں کا خوف کرتا ہوں ۱؎ اور جب میری امت میں تلوار رکھ دی جاوے گی تو ان سے روز قیامت تک نہ اٹھے گی ۲؎ (ابوداؤد،ترمذی)
شرح
۱؎ علماء فرماتے ہیں کہ تلوار کے فتنے سے علمی فتنہ بڑا ہے خونخوار ظالم ایک آدمی کی زندگی ختم کردیتا ہے مگر فتنہ گر گمراہ عالم ہزار ہا خاندان کی روحانی زندگی تباہ کر ڈالتا ہے اس لیے حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے خصوصیت سے ان پر خوف ظاہر فرمایا۔ ۲؎ چنانچہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالٰی عنہ کے قتل کے وقت سے مسلمانوں میں کشت و خون شروع ہوا ہے آج تک تلوار میان میں نہیں پہنچی،یہ ہے اس مخبر صادق صلی اللہ علیہ و سلم کا علم اور یہ ہے ان کی خبر کی تصدیق۔