Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
836 - 975
حدیث نمبر 836
روایت ہے حضرت ابن مسعود سے فرمایا کہ ایک شخص نبی صلی اللہ علیہ و سلم کی خدمت میں آیا عرض کیا یارسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم حضور اس شخص کے بارے میں کیا فرماتے ہیں جو کسی قوم سے محبت کرے اور ان سے ملا نہ ہو ۱؎ تو فرمایا کہ انسان اس کے ساتھ ہوگا جس سے وہ محبت کرے ۲؎(مسلم،بخاری)
شرح
۱؎ نہ تو کبھی ان سے ملاقات کی ہو نہ ان کے لیے نیک اعمال کیے ہوں مگر ان سے دلی محبت رکھتا ہو جیسے آج ہم گندے کمینے بدکار سیاہ کار حضور سید الابرار صلی اللہ علیہ و سلم اور ان کے اصحاب اخیار سے محبت کریں۔

۲؎  یعنی یہ شخص قیامت میں ان محبوب نیکوں کے ساتھ ہوگا،رب تعالٰی فرماتاہے:"فَاُولٰٓئِکَ مَعَ الَّذِیۡنَ اَنْعَمَ اللہُ عَلَیۡہِمۡ مِّنَ النَّبِیّٖنَ وَالصِّدِّیۡقِیۡنَ وَالشُّہَدَآءِ وَالصّٰلِحِیۡنَ"۔یہاں مرقات نے فرمایا کہ بروں سے محبت کرنے کا انجام بھی یہ ہی ہے۔خیال رہے کہ ہر نسبت جنسیت چاہتی ہے،عشق و محبت نہ جنسیت دیکھے نہ برابری،بندہ کو اللہ سے،امتی کو رسول اللہ سے عشق ہوسکتا ہے اللہ تعالٰی نصیب کرے،خوف خدا،عشق جناب مصطفے اﷲ کی بڑی نعمت ہے۔
Flag Counter