| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم |
روایت ہے حضرت جابر سے کہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ نہیں ہے کوئی مسلمان آدمی جو کسی مسلمان آدمی کو ایسی جگہ رسوا کرے جہاں اس کی بے عزتی کی جارہی ہے ۱؎ اور اس کی آبرو ریزی کی جارہی ہے مگر اللہ تعالٰی اسے ایسی جگہ میں ذلیل کرے گا جہاں وہ اپنی مدد چاہتا ہوگا۲؎ اور نہیں ہے مسلمان آدمی جو کسی مسلمان کی ایسی جگہ مددکرے جہاں اس کی عزت گھٹائی جارہی ہو اور جس میں اس کی آبرو ریزی کی جارہی ہو مگر اللہ اس کی ایسی جگہ مدد کرے گا جس میں اس کی مدد اسے محبوب ہو۳؎(ابوداؤد)
شرح
۱؎ اس طرح کہ جب کچھ لوگ کسی مسلمان کی آبرو ریزی کررہے ہوں تو یہ بھی انکے ساتھ شریک ہوکر ان کی مدد کرے ان کی ہاں میں ہاں ملائے۔ ۲؎ یعنی اللہ تعالٰی اس جرم کی سزا میں اسے ایسی جگہ ذلیل کرے گا جہاں اسے عزت کی خواہش ہوگی۔خیال رہے کہ یہ احکام مسلمان کے لیے ہیں۔کفار،مرتدین،بے دین لوگوں کی اللہ تعالٰی کے ہاں کوئی عزت نہیں ان کی بے دینی ظاہرکرنا عبادت ہے۔ ۳؎ غرضکہ کماتدین تدان جیسا کرو گے ویسا بھرو گے۔کرونی خویش آمدنی پیش۔مسلمان بھائی کی عزت کرو اپنی عزت کرالو،،اسے ذلیل کرو اپنے کو ذلیل کرالو۔جگہ عام ہے دنیا میں ہو یا آخرت جہاں بھی اسے مدد کی ضرورت ہوگی رب تعالٰی اس کی مدد فرمائے گا صرف ایک بار نہیں بلکہ ہمیشہ۔