Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
811 - 975
حدیث نمبر 811
روایت ہے حضرت اسماء بنت یزید سے ۱؎  فرماتی ہیں فرمایا رسول اللہ نے کہ جو اپنے بھائی کے گوشت سے اس کی پیٹھ پیچھے دفع کرے ۲؎  تو اللہ کے ذمہ کرم پر ہے کہ اسے آگ سے آزاد کردے۳؎ (بیہقی شعب الایمان)
شرح
۱؎ اسماء بنت یزید ابن سکن مشہور صحابیہ ہیں،انصاریہ ہیں،بڑی عاقلہ بڑی عابدہ تھیں،آپ سے بہت احادیث مروی ہیں۔

۲؎  بھائی کے گوشت سے مراد ہے مسلمان بھائی کی غیبت،دفع کرنے سے مراد ہے غیبت نہ ہونے دینا یا اس کا جواب دے دینا۔

۳؎  جب ایک گنہگار مسلمان کی پس پشت حمایت کرنے کا یہ ثواب ہے تو جو کوئی حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے بدگویوں دشمنوں کو جوابات دے،ان کی عزت پر حملہ کرنے والوں کے واراپنے پر لے،ان کے صفات عالیہ کے گیت گائے سوچ لو کہ اس کا درجہ کیا ہوگا۔اللہ تعالٰی نصیب کرے حضرت حسان رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں شعر

فان ابی و والدتی و عرضی 		لعرض محمد منکم وقاء

 میرے ماں باپ  میری عزت و آبرو محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و سلم کی آبرو و عزت کے لیے تمہارے مقابلہ میں ڈھال ہیں۔
Flag Counter