Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
769 - 975
حدیث نمبر 769
روایت ہے حضرت معاویہ بن جاہمہ سے کہ جاہمہ ۱؎ نبی صلی اللہ علیہ و سلم کی خدمت میں حاضر ہوئے عرض کی یارسول اللہ میں جہادکرنا چاہتا ہوں اور آپ سے مشورہ لینے حاضر ہوا ہوں ۲؎ تو فرمایا کیا تیری ماں ہے عرض کیا ہاں فرمایا اسے مضبوط پکڑو۳؎ کیونکہ جنت اس کے پاس ہے ۴؎(احمد،نسائی،بیہقی شعب الایمان)
شرح
۱؎ یہ معاویہ بھی صحابی ہیں،ان کے والد جاہمہ ابن عباس ابن مرداس سلمی بھی صحابی یہ اہلِ حجاز سے ہیں۔

۲؎  غالباً اس وقت کفار کا دباؤ زیادہ نہ تھا بعض تھوڑے مسلمان بھی ان کے مقابلہ کے لیے کافی تھے۔غرضکہ اس وقت غزوہ فرض عین نہ تھا فرض کفایہ تھا۔

۳؎  یعنی اپنی ماں کے پاس رہو اس کی خدمت کرو تمہارے لیے اس وقت جہاد سے بہتر ماں کی خدمت ہے کہ ماں کو تمہاری خدمت کی ضرورت ہے۔

۴؎  پاؤں کا ذکر فرماکر اشارۃً بتایا کہ ماں کی خدمت اور اس کے سامنے عاجزی دونوں ہی ضروری ہیں۔خدمت کے ساتھ اکڑ نہ کرے اس کے پاؤں سے لگارہے تب جنت پائے گا۔
Flag Counter