Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
543 - 975
حدیث نمبر 543
روایت ہے واثلہ ابن خطاب سے ۱؎ فرماتے ہیں کہ ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہ میں آیا حالانکہ آپ مسجد میں بیٹھے تھے تو اس کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کچھ جنبش کی۲؎  تو اس شخص نے عرض کیا یارسول اللہ جگہ میں کافی گنجائش ہے۳؎  تو نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ مسلمان کا حق ہے کہ جب اسے اس کا بھائی دیکھے تو اس کے لیے کچھ جنبش کرے ۴؎(بیہقی شعب الایمان)
شرح
۱؎ آپ قرشی ہیں،عدوی ہیں،حضرت عمر  رضی اللہ عنہ کے قبیلہ سے ہیں،صحابی ہیں مگر آپ سے صرف یہ ہی ایک حدیث مروی ہے۔(اشعہ)

۲؎  اس طرح کہ پورے کھڑے تو نہ ہوئے مگر اپنی جگہ سے سرک کر ان کے لیے جگہ بنائی کچھ سکڑ کر بیٹھے۔

۳؎  یعنی جگہ بہت ہےمیں بخوبی جہاں چاہوں بیٹھ سکتا ہوں حضور انور کو میرے لیے جگہ بنانے اور اپنی جگہ سے جنبش کرنے کی ضرورت نہیں پھر آپ نے یہ عمل شریف کیوں کیا۔

۴؎  یعنی ہمارا یہ حرکت فرمانا جگہ کی تنگی کے لیے نہیں بلکہ تمہارے آنے کی خوشی اور تمہارے احترام کے اظہار کے لیے ہے اس عمل سے تم کو خوشی ہوگی کہ حضور انور نے ہماری آمد پر اہتمام فرمایا۔غالبًا یہ آنے والے صاحب اپنی قوم کے سردار ہوں گے،فرماتے ہیں صلی اللہ علیہ وسلم انزلوا الناس منازلہم لوگوں کو ان کے درجوں میں رکھو،یہ انتہائی اخلاق کی تعلیم ہے افسوس! کہ ہم یہ تعلیم قریبًا بھول گئے۔
Flag Counter