| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم |
روایت ہے حضرت عبداللہ ابن عمرو سے کہ ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سے پوچھا کہ کون سا اسلام اچھا ہے ۱؎ فرمایا کھانا کھلاؤ اور سلام کرو اسے جسے پہچانو یا نہ پہچانو ۲؎(مسلم،بخاری)
شرح
۱؎ یعنی اسلامی کاموں میں کون سا کام اچھا ہے۔ ۲؎ یعنی سلام صرف اسلامی رشتہ سے ہو کاروباری دنیاوی تعلقات سے نہ ہو۔خیال رہے کہ حضور کے جوابات سائل کے حال کے مطابق ہوتے تھے اسی لیے اس سوال کے جواب مختلف دیئے۔کسی سے فرمایا کہ بہترین عمل نماز ہے،کسی سے فرمایا جہاد ہے یہاں فرمایا بہترین عمل کھانا کھلانا سب کو سلام کرنا یعنی تیرے لیے یہ دو کام بہترین۔خیال رہے کہ تقری سلام کرنا،سلام کہلوانا،سلام لکھنا لکھوانا ،سلام کہلا کر بھیجنا سب کو شامل ہے۔من عرفت کا تعلق صرف سلام سے ہے کھانا کھلانے سے نہیں۔