Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
324 - 975
حدیث نمبر 324
روایت ہے حضرت ابوقتادہ سے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سے عرض کیا کہ میرے بال جمہ ہیں ۱؎ تو کیا میں ان میں کنگھی کروں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا ہاں اور ان کی خدمت کرو ۲؎  فرماتے ہیں کہ ابوقتادہ بہت دفعہ ان میں ایک دن میں دوبار تیل لگاتے تھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے اس فرمان کی وجہ سے کہ ہاں اور انکی خدمت کرو۳؎ (مالک)
شرح
۱؎  جمہ وہ بال ہیں جو کندہوں اور کان کے درمیان ہوں۔سر کے بالوں کی تین حدیں ہیں: وفرہ،جمہ،لمہ۔ کندھوں سے نیچے مرد کے بال نہ چاہئیں۔

۲؎  یعنی جوشخص اپنے سر پر بال رکھے تو انہیں پریشان نہ رکھے،بال بکھیرے نہ رہے،بھوت بنا ہوا نہ رہے،سر دھونا،تیل ڈالنا،کنگھی کرنا یہ کام کرتا رہے،پھر اس مانگ پٹی میں اتنا بھی مشغول نہ ہوکہ روزہ نماز ہی بھول جاوے۔

۳؎  اگرچہ اتنا زیادہ مانگ پٹی کرنا بہتر نہیں مگر انہوں نے سمجھا کہ میرے لیے بہتر ہے کہ حضور اقدس نے فرمایا بالوں کی خدمت کرو لہذا میرا اور حکم ہے دوسروں کا اور حکم جیسے حضرت انس کی والدہ نے جناب انس کے سر کے اگلے بال نہ ترشوائے خصوصیت کی بناء پر۔( اشعۃ اللمعات)
Flag Counter