۱؎ یہ حکم مرد کے لیے سر کے بالوں میں کنگھی کرنے کے متعلق ہے یعنی جس مرد کے سر پر بال ہوں وہ روزانہ ان میں تیل و کنگھی نہ کرے کہ اسی میں لگا رہے بلکہ کبھی کرے کبھی نہ کرے،ایک دن کرے ایک دن نہ کرے۔خواجہ حسن بصری فرماتے ہیں کہ ہفتہ میں ایک دن کرے۔غب غین کے کسرہ سے ب کے شد سے، اس کے معنی ہیں اونٹ کو ایک دن پانی پلانا ایک دن ناغہ کرنا تجارت کو بھی غب کہا جاتا ہے۔اس ممانعت کا مقصد یہ ہے کہ انسان ظاہری آرائش میں مشغول ہوکر رب کو نہ بھول جائے اس حکم سے عورتیں مستثنٰی ہیں وہ چاہیں تو روزانہ مانگ چوٹی کریں،یوں ہی اگر مرد ڈاڑھی میں روزانہ کنگھی کرے تو مضائقہ نہیں دیکھو مرقات۔اشعۃ اللمعات نے فرمایا کہ وضو کے بعد ڈاڑھی میں کنگھی کرنا فقیری کو دور کرتا ہے،امام غزالی نے احیاء العلوم میں فرمایا کہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم روز ڈاڑھی میں دو بار کنگھی کرتے تھے۔(اشعہ)