| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم |
روایت ہے حضرت علی سے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے مجھے اس سے منع کیا کہ میں اپنی اس انگلی میں یا اس میں انگوٹھی پہنوں فرمایاکہ بیچ والی انگلی اور اس کی برابر والی کی طرف اشارہ فرمایا ۱؎ (مسلم)
شرح
۱؎ خیال رہے کہ عورتوں کو ہر انگلی میں انگوٹھی پہننا جائز ہے مگر مردوں کو تین انگلیوں میں پہننا منع ہے: انگوٹھا،کلمہ کی انگلی اور بیچ کی انگلی۔اور دو انگلیوں میں پہننا مستحب ہے چھنگلی اور اس کے برابر والی میں،یوں ہی مرد صرف ایک انگوٹھی پہن سکتا ہے وہ بھی چاندی کی سوا چار ماشہ تک،عورتیں سونے چاندی کی دس انگوٹھیاں دسوں انگلیوں میں پہن سکتی ہیں۔(مرقات و اشعہ)