Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
85 - 1040
حدیث نمبر 85
روایت ہے حضرت ام الفضل سے ۱؎ فرماتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ایک بار یا دو بار دودھ پینا حرام نہیں کرتا ۲؎
شرح
۱؎ آپ کا نام لبابہ بنت حارث ہے کنیت ام الفضل حضرت عباس کی زوجہ حضرت فضل ابن عباس اور عبداﷲ ابن عباس کی والدہ ہیں حضرت خدیجہ کے بعد سب سے پہلے آپ ہی ایمان لائیں۔

۲؎ حضرت ام شافعی کے ہاں پانچ گھونٹ دودھ پینا حرمت رضاعت پیدا کرتا ہے اور امام ابوعبید ابوثور،داؤد کے ہاں تین گھونٹ سے حرمت ثابت ہوجاتی ہے ان لوگوں کی دلیل یہ حدیث ہے اور امام شافعی کی دلیل اگلی حدیث ہمارے امام اعظم کے ہاں مطلقًا دودھ پینا حرمت رضاعت پیدا کرتا ہے خواہ کتنا ہی پیئے ایک گھونٹ یا آدھا یا زیادہ بشرطیکہ شیر خوارگی کی مدت میں ہو۔یہ مدت اکثر علماء کے ہاں دو سال کی عمر ہے امام اعظم کے ہاں ڈھائی سال کی عمر امام اعظم کی دلیل قرآن پاک کی آیت ہے:وَاُمَّہٰتُکُمُ الّٰتِیۡۤ اَرْضَعْنَکُمْ آیتہ کریمہ میں ارضعن مطلق ہے تین یا پانچ گھونٹ کی اس میں قید نہیں،نیز قرآن کریم میں ہے "وَاَخَوٰتُکُمۡ مِّنَ الرَّضٰعَۃِ  مِّنَ الرَّضٰعَۃِ"یہاں بھی رضاعت مطلق ہے اور یہ حدیث خبر واحد ہے جس سے قرآنی مطلق کو مقید نہیں کرسکتے نیز حضرت عائشہ کی حدیث ہے یحرم من الرضاعۃ ما یحرم من النسب یہاں بھی رضاعت مطلق ہے غرضکہ وہ آیت اور یہ حدیث امام اعظم کی دلیل ہے
Flag Counter