Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
800 - 1040
حدیث نمبر800
روایت ہے حضرت کعب ابن مالک سے فرماتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم تشریف نہ لاتے تھے مگر دن کو دوپہر کے وقت پھر جب تشریف لاتے تو مسجد سے ابتداء فرماتے وہاں دو رکعتیں پڑھتے ۱؎ پھر وہاں ہی لوگوں کے لیے تشریف رکھتے ۲؎(مسلم،بخاری)
شرح
۱؎ دن میں آنے کے متعلق ابھی عرض کیا جاچکا سفر کو جاتے وقت مسجد سے روانہ ہونا اور واپسی پر مسجد میں پہلے آنا اگر وقت کراہت نہ ہو تو ان دونوں موقعوں پر دو نفل نماز سفر یا نماز قدوم پڑھنا سب کچھ سنت ہے اس سے سفر میں بڑی برکتیں رہتی ہیں۔

۲؎ یعنی پہلے اہل مدینہ سے ملاقات فرماتے،ان کے دکھ درد سنتے،ان کے مقدمات کے فیصلے فرماتے،انہیں شرف زیارت بخشتے،پھر گھر میں تشریف لے جاتے۔طبرانی اور حاکم نے بروایت ثعلبہ حدیث نقل فرمائی کہ حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم جب سفر سے تشریف لاتے تو پہلے مسجد سے ابتدا فرماتے پھر حضرت خاتون جنت فاطمہ زہراء رضی اللہ عنہا کے گھر تشریف لے جاتے پھر اپنے گھر۔(مرقات)
Flag Counter