Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
794 - 1040
حدیث نمبر794
روایت ہے حضرت عبداللہ ابن جعفر سے ۱؎ فرماتے ہیں کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سفر سے تشریف لاتے تھے تو آپ کے گھر والے بچے پیشوائی کے لیے جاتے تھے ۲؎ حضور ایک سفر سے آئے تو مجھے حضور کی پیشوائی کے لیے لایا گیا تو مجھے حضور نے اپنے آگے سوار کرلیا پھر حضرت فاطمہ کے بیٹوں میں سے ایک لایا گیا۳؎ تو اسے اپنے پیچھے بٹھالیا فرماتے ہیں کہ ہم مدینہ میں تین ایک سواری پر داخل ہوئے۴؎(مسلم)
شرح
۱؎ آپ حضرت علی کے بھتیجے ہیں،قریشی ہاشمی مدنی ہیں،اسلام میں پہلے آپ کی ولادت ہے،حبشہ میں ۸۰ھ ؁ مدینہ منورہ میں نوے سال کی عمر میں عبدالملک کے زمانہ میں وفات ہوئی،آپ کا لقب بحرالجود بھی ہے اور جواد ابن جواد بھی،اسلام میں آپ سے اور آپ کے والد سے بڑھ کر کوئی سخی نہ تھا،حضور کی وفات کے وقت صرف ۹ سال کے تھے بہت صفات کے حامل ہیں۔(اشعہ)

۲؎ اس سے معلوم ہوا کہ بزرگوں کی سفر سے آتے وقت پیشوائی کرنا سنت صحابہ ہے،نیز مسافر کے گھر کے بچوں کو بھی پیشوائی کے لیے جانا سنت ہے۔

۳؎ یا جناب حسن کو یا حضرت حسین کو رضی اللہ عنہم اجمعین۔

۴؎ اس طرح کہ ایک سواری پر تین سوار تھے حضور صلی اللہ علیہ و سلم درمیان میں حضور کے پیچھے حضرت حسنین میں سے ایک اس خوش نصیبی پر صدقے۔
Flag Counter