Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
761 - 1040
حدیث نمبر761
روایت ہے حضرت جریر ابن عبداللہ سے فرماتے ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو دیکھا کہ آپ گھوڑے کی پیشانی کے بال اپنی انگلی سے ہٹا رہے ہیں ۱؎ اور فرمارہے ہیں کہ گھوڑے کی پیشانی کے بالوں سے قیامت تک بھلائی وابستہ ہے ۲؎  ثواب اور غنیمت ۳؎ (مسلم)
شرح
۱؎ اس طرح کہ اپنے دستِ اقدس سے گھوڑے کی خدمت فرمارہے ہیں یا مطلب یہ ہے کہ پیار میں اس کی پیشانی پر ہاتھ پھیر رہے ہیں بالوں کو مروڑے جاتے ہیں اور فرماتے جاتے ہیں۔معلوم ہوا کہ جہاد کے گھوڑوں کی خدمت اپنے ہاتھ سے کرنا بھی سنت ہے اور اس سے محبت کرنا اس کی پیشانی پر پیار سے ہاتھ پھیرنا بھی سنت ہے کیونکہ یہ آلہ جہاد ہے اور حضور کا پیارا ہے۔

۲؎ ظاہر یہ ہے کہ یہاں گھوڑے سے مراد جہاد کا گھوڑا ہے نہ کہ عام گھوڑے جو تانگہ میں چلانے،یا ریس میں جوا کھیلنے کے لیے پالے جاتے ہیں۔ بعض شارحین سے فرمایاکہ یہاں جنس گھوڑا مراد ہے کیونکہ یہ آلہ جہاد ہے اس پر جہاد  ہوسکتاہے  ۔

۳؎  یہ دونوں یا ان میں سے ایک اگر مجاہد جیت آیا تو ثواب کمالایا۔اس سے معلوم ہوا کہ قیامت تک گھوڑے جہاد میں کام آئیں گے دیکھ لو آج اس سائنس کے زمانہ میں گھوڑے خچر بہت کام آتے ہیں۔
Flag Counter