Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
674 - 1040
حدیث نمبر674
روایت ہے حضرت جابر سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اﷲ نے کہ نہیں قسم کھاتا کوئی میرے اس منبر کے پاس ۱؎ جھوٹ پر قسم اگرچہ ھری مسواک پر ہو مگر وہ اپنا ٹھکانہ آگ کا بناتا ہے یا اس کے لیے آگ واجب ہوجاتی ہے ۲؎ (مالک،ابوداؤد،ابن ماجہ)
شرح
۱؎ اگرچہ مکہ معظمہ یعنی کعبہ معظمہ کا منبر اور تمام عالم کی مسجدوں کے منبر حضور ہی کے ہیں مگر ھٰذا فرماکر بتایا کہ ہماری مراد مسجد نبوی شریف کا منبر ہے جو ریاض الجنہ کے دوسرے کنارہ پر واقعہ ہے۔شعر

اک طرف روضہ کی جالی اک سمت منبر کی بہار	بیچ  میں  جنت  کی  پیاری  پیاری  کیاری  واہ  واہ

۲؎ یعنی دوسری جگہ جھوٹی قسم کھانے سے ہمارے منبر کے سامنے ایسی قسم کھانا زیادہ خطرناک ہے کہ اس میں جھوٹ بھی ہے اور منبر رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی اہانت بھی۔معلوم ہوا کہ اچھی جگہ اچھے وقت میں جیسے نیکی کا ثواب زیادہ ہوتا ہے ایسے ہی گناہ کا عذاب بھی زیادہ ،دیکھو اورمہینوں میں روزہ توڑنے سے صرف قضا واجب ہوتی ہے مگر ماہ رمضان میں روزہ توڑنے پر اکسٹھ روزے واجب ہیں ایک قضا کا ساٹھ کفارہ کے یہ کفارہ کیا ہے ماہ رمضان کی بے حرمتی۔
Flag Counter