Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
608 - 1040
حدیث نمبر608
روایت ہے حضرت ابو ذر سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسوقت تم کیسے ہوگے جب میرے بعدحکام اس غنیمت سے لوگوں کو ترجیح دینگے  ۱؎  میں نے عرض کیا اس کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا میں اپنی تلوار اپنے کندھے پر رکھوں گا پھر اس سے ماردوں گا یہاں تک کہ آپ سے مل جاؤں گا۲؎ فرمایا کیامیں تمہیں اچھی چیز  پر  راہبری نہ کروں صبرکرناحتی کہ مجھ سے مل جائے  ۳؎ (ابوداؤد)
شرح
۱؎ عمومًا فئ اس مال کو کہا جاتا ہے جو بغیر جنگ کفار سے حاصل کرلیا جائے جیسے خراج اور جزیہ یا وہ مال جو کفار چھوڑ کر چلے جائیں اور جو جہاد کے ذریعہ ان سے حاصل کیا جائے اسے غنیمت کہتے ہیں۔چنانچہ رب تعالٰی فیئی کے متعلق فرماتاہے:"وَمَاۤ اَفَآءَ اللہُ عَلٰی رَسُوۡلِہٖ"الایہ اور غنیمت کے متعلق فرماتاہے:"وَاعْلَمُوۡۤا اَنَّمَا غَنِمْتُمۡ مِّنۡ شَیۡءٍ"۔فئ تمام مسلمانوں کا حق ہے اس میں سے خمس یعنی پانچواں حصہ نہیں لیا جاتا۔ نفل وہ مال ہے جو کسی خاص بہادر غازی کو کسی بہادری کی وجہ سے بطور انعام دیاجائے،یہاں فیئی سے مراد عام ہے اور مقصود ہے حکام وسلاطین کا ظلم بیان فرمانا یعنی بادشاہ ظلمًا بیت المال کے اموال مستحقین کو نہ دیں گے،اپنے پر خرچ کریں گے یا جسے چاہیں گے بغیر استحقا ق دیں گے،بیت المال کو اپنی ملک سمجھیں گے،اس غیوب دان مخبرصادق کے علم کے قربان صلی اﷲ علیہ وسلم۔

۲؎  یعنی ایسے ظالم بادشاہوں سے میں جنگ کروں گا یہاں تک کہ شہید ہوکر آپ سے مل جاؤں یعنی عمر بھر ان سے لڑوں گا اپنی زندگی کا مشغلہ ان سے جنگ کو بنالوں گا۔

۳؎  یعنی ایسے ظالموں سے جنگ نہ کرنا صبر کرنا۔اس فرمان عالی سے دو مسئلے معلوم ہوئے:ایک یہ کہ بادشاہ اپنے فسق یا خیانت کی وجہ سے عزل کا مستحق نہیں فاسق بادشاہوں کی بھی اطاعت واجب ہے۔دوسرے یہ کہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم کو لوگوں کے انجام اور بعد موت اس کے ٹھکانے و مقام کی خبر ہے کہ فرماتے ہیں حتی تلقانی تم مجھ سے مل جاؤ۔آخرت میں حضور سے وہ ملے گا جو مؤمن ومتقی ہوکر مرے پھر قبر وغیرہ کی منزلیں خیریت سے طے کرے۔
Flag Counter