Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم
310 - 1040
حدیث نمبر310
روایت ہے حضرت جابر سے فرماتے ہیں کہ ہم نے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم اور ابوبکر صدیق کے زمانہ میں ام ولد لونڈی کو فروخت کیا ۱؎ پھر جب زمانہ فاروقی ہوا تو انہوں نے ہمیں اس سے منع کردیا پس ہم باز رہے ۲؎(ابوداؤد)۳؎
شرح
۱؎ یا تو نسخ سے پہلے یا بعض صحابہ کو ممانعت کی خبر نہ ہوئی اور بے خبری میں وہ فروخت کرتے رہے زمانہ صدیقی میں ایک دو حضرات نے یہ بیع کی،حضرت جابر سمجھے کہ اس بیع کا عام رواج تھا،یہاں یہ ذکر نہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم کو اس بیع کی خبر ہوئی اور آپ نے منع نہ فرمایا جب تک یہ مذکور نہ ہو تب تک حجت نہیں۔

۲؎  حضرت ابوبکر صدیق کا زمانہ خلافت بہت تھوڑا ہے اور بالکل جہادوں میں گھرا ہوا اس لیے یا تو آپ کو اس بیع کی نسخ کی خبر نہ پہنچی یا ان لوگوں کی فروخت کی خبر نہ ہوئی،زمانہ فاروقی بفضلہ تعالٰی دس سال ہے اور اس زمانہ شریف میں شرعی احکام کی بہت چھان بین ہوگئی اس لیے آپ کو ممانعت کی خبر پہنچی اور ان حضرات کی اس بیع کی بھی اس لیے اس کی ممانعت کا اعلان فرمادیا اور کسی صحابی نے اختلاف نہ فرمایا،یہ ہوا اجماع صحابہ اگر یہ حکم مشکوک ہوتا تو صحابہ میں ضرور اختلاف واقع ہوتا۔

۳؎ حاکم نے کہا کہ یہ حدیث صحیح علیٰ شرط مسلم ہے،یہ حدیث نسائی وغیرہ نے مختلف الفاظ سے مختلف اسنادوں سے روایت کی مگر وہ تمام ضعیف ہیں،ام ولد کی بیع کی ممانعت کی روایات بہت ہیں اور صحیح ہیں جو مرقات نے جمع فرمادیں۔حضرت ابن عباس فرماتے ہیں کہ جب حضرت ماریہ قبطیہ کے بطن شریف سے جناب ابراہیم پیدا ہوئے تو حضور عالی نے فرمایا کہ انہیں ان کے اس بچہ نے آزاد کردیا چنانچہ حضور کی وفات کے بعد جناب ماریہ آزاد ہوئیں دوسرے ترکات کی طرح صدقہ نہ بنیں۔
Flag Counter