| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد پنجم |
روایت ہے ام عطیہ سے ۱؎ کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کوئی عورت کسی میت پر تین دن سے زیادہ سوگ نہ کرے بجز خاوند کے کہ اس پر چار ماہ دس دن کرے اور رنگے ہوئے کپڑے نہ پہنے سوائے بناوٹی رنگین کپڑے کے ۲؎ اور نہ سرمہ لگائے ۳؎ نہ خوشبو لگائے مگر جب کہ پاک ہو تو ایک ٹکڑہ قسط یا اظفار کا ۴؎(مسلم،بخاری)ابوداؤد نے زیادہ فرمایا کہ نہ خضاب کرے ۵؎
شرح
۱؎ اپ کا نام نسیبہ بنت کعب ہے، کنیت ام عطیہ، اکثر غزوات میں حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے ساتھ رہیں، بیماروں کی دوا، زخمیوں کی مرہم پٹی کرتی تھیں آخر میں بصرہ میں رہیں وہاں ہی انتقال فرمایا۔ ۲؎ عصب کی شرح میں شارحین کا اختلاف ہے۔ مرقات نے فرمایا کہ عصب ایک گھاس ہے جو عمومًا یمن میں پیدا ہوتی ہے اس کا رنگ مائل بہ سیاہی ہوتا ہے، اس سے کپڑے رنگے جاتے ہیں جس سے پھیکا سیاہ رنگ ہوتا ہے یعنی بھکنا چونکہ یہ رنگ زینت میں داخل نہیں اس لیے اس کی اجازت دی گئی،اس بنا پر فقہاء فرماتے ہیں کہ عدت میں سیاہ رنگ کے کپڑے پہننا جائز ہے مگر اشعۃ اللمعات ولمعات میں فرمایا کہ عصب وہ کپڑا ہے جس کا سوت رنگ لیا جائے بعد میں بنا جائے ایسے رنگین کپڑے زینت میں داخل نہیں ہوتے بننے کے بعد رنگنا زینت ہے،امام شافعی کے ہاں ایسا کپڑا پہننا مطلقًا جائز ہے باریک ہو یا موٹا امام مالک کے ہاں موٹا جائز باریک ممنوع، ہمارے امام صاحب کے ہاں بہتر یہ ہے کہ عدت میں ایسے لباس سے بھی بچے۔ ۳؎ زینت کے لیے سیاہ سرمہ نہ لگائے سفید سرمہ لگائے جس سے زینت نہ ہو،یوں ہی علاج کے لیے ضرورت کے موقعہ پر سرمہ لگالینا جائز ہے جب کہ آنکھ میں بیماری ہو اور سواء سرمہ کے اور کوئی علاج نہ ہو بعض علماء نے اس حدیث کی بنا پر سرمہ کو مطلقًا ممنوع قرار دیا۔ ۴؎ قسط اور اظفار مشہور خوشبو دار لکڑیاں ہیں اظفار کی لکڑی سیاہ رنگ کی ہوتی ہے کٹے ہوئے ناخن کے مشابہ اس لیے اسے اظفار کہتے ہیں یعنی عدت والی عورت جب حیض سے فارغ ہو تو یہ خوشبو شرمگاہ پر مل سکتی ہے کہ اس سے صرف بدبو کا دفع کرنا مقصود ہے نہ کہ جسم کا مہکانا۔خیال رہے کہ جمہور علماء کا مذہب یہ ہی ہے کہ ہر وفات والی معتدہ عورت پر سوگ واجب ہے ،بعض احناف فرماتے ہیں کہ مؤمنہ بالغہ معتدہ پر عدت میں سوگ ہے کتابیہ یا نابالغہ پر سوگ نہیں وہ حضرات اس حدیث کے ظاہری الفاظ سے دلیل پکڑتے ہیں کہ حضور نے فرمایا جو عورت اﷲ تعالٰی اور قیامت پر ایمان رکھتی ہو وہ سوگ کرے۔واﷲ اعلم! ۵؎ یعنی نہ بالوں میں مہندی یا وسمہ لگائے نہ ہاتھ پاؤں مہندی سے رنگے کہ یہ بھی زینت میں داخل ہے اور زینت اس کے لیے ممنوع ہے۔